سرکاری ہدایات کی پابندی نہ کرنے پر جالی ساحل پر تفریح کے لیے جانے پر لگی پابندی

03:04PM Mon 29 Jun, 2020

بھٹکل: 29 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں جالی ساحل بھٹکل و اطراف کے لوگوں کے لیے وقت گزاری اور تفریح کی ایک اہم جگہ سمجھی جاتی ہے جہاں عصر بعد اکثر افراد سمندر کی لہروں کا لطف اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ ادھر کورونا کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں جالی ساحل کو بھی عوام کے لیے بند کرنے کے بعد لاک ڈاؤن میں دی گئی نرمی میں وہاں جانے کی بھی آزادی دی گئی تھی لیکن بھٹکل تحصلدار نے جالی پٹن پنچایت کے افسران کو حکم جاری کرتے ہوئے وہاں لوگوں کو جانے سے روکنے کی ہدایت دی ہے۔ اس تعلق سے جالی پنچایت کے ذمہ دار نے بھٹکلیس کو بتایا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد یہاں لوگوں کی آمد و رفت کچھ زیادہ ہی ہوگئی تھی اور اکثر لوگ سماجی دوری اور ماسک کی پابندی کیے بغیر وہاں جانے لگے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جالی ساحل پر رہنے والوں نے اس سلسلہ میں تحصلدار سے شکایت کی تھی اور ان کو ہورہی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے فوری طور پر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا جسے دیکھتے ہوئے تحصلدار نے اگلے حکم تک یہاں جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل سے اگر کوئی ساحل پر پایا گیا تو اس پر جرمانہ لگے گا اور دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے سے قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بھٹکلیس کے توسط سے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اگلے حکم کے آنے تک جالی ساحل پر جانے سے گریز کریں۔