گوا انتخابات میں کانگریس کو ملے گی واضح اکثریت :دگوجے 

04:48PM Thu 26 Jan, 2017

پنجی، (بھٹکلیس نیوز)کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ گوا میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کے انتخاب کے واسطے انہوں نے ریاست کے لیڈروں کو پوری چھوٹ دے رکھی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پارٹی کو جیت ملے گی۔سنگھ نے یہاں میڈیا کو دئیے ایک انٹرویو میں کہاکہ آپ اس مرتبہ دیکھتے ہیں کہ دہلی کا امیدواروں کے انتخاب میں دخل نہ کے برابر ہے۔ہم نے یہاں پراپنے مقامی لیڈروں کو پوری چھوٹ دے رکھی ہے۔سلیکشن کمیٹی کے رکن یہاں پر ریاستی الیکشن آفس آئے تھے، ہم لوگوں میں وسیع تبادلہ خیال ہوا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمیں ممکنہ امیدواروں میں سے بہترین امیدوار مل سکے ہیں، وہ یہاں پر 4 ؍فروری کو ہونے والے انتخابات میں اپنی پارٹی کی تشہیر کا کام کاج دیکھنے آئے تھے۔انتخابات میں سینئر لیڈروں کو ٹکٹ دینے سے انکار کئے جانے کے باوجود ان کے پارٹی لائن پر بنے رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بار پارٹی میں شاید ہی بغاوت ہوئی ہے۔ساحلی ریاست میں رائے دہندگان کا اعتماد جیتنے میں کانگریس کے کامیاب رہنے کا دعوی کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ پارٹی اپنی معتبریت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے 60فیصد سے زیادہ امیدوار نئے ہیں، ہم نے تجربہ کار اور نئے چہروں کا تال میل بٹھایا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس بار ہم گوا کے لوگوں کا مینڈیٹ حاصل کرنے جا رہے ہیں۔