برطانیہ میں امیگریشن پالیسی میں تبدیلی ، ہندوستانی طلبہ کو ویزا ملنا اب ہوگا مشکل
02:11PM Sat 16 Jun, 2018
Share:
برطانیہ کی حکومت نے ملک کی یونیورسٹیوں میں ویزا درخواست عمل کو آسان بنانے کیلئے بنائی ایک نئی فہرست سے ہندوستانی طلبہ کو الگ کردیا ہے۔ حکومت کے اس قدم کی کافی تنقید کی جارہی ہے۔ ملک کی امیگریشن پالیسی میں تبدیلی کو جمعہ کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ۔ برطانیہ کی وزارت داخلہ نے تقریبا 25 ممالک کے طلبہ کیلئے ٹیئر 4 ویزا زمرہ میں نرمی برتنے کا اعلان کیا ہے۔
اس فہرست میں امریکہ ، کناڈا اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک پہلے سے ہی شامل تھے اور اب چین ، بحرین اور سربیا جیسے ممالک کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان ممالک کے طلبہ کو برطانوی یونیور سیٹیوں میں داخلہ کیلئے تعلیم ، مالی اور انگریزی زبان جیسے معیاروں پر کھڑا اترنا ہوگا۔یہ تبدیلی چھ جولائی سے نافذ العمل ہوگی اور اس کا مقصد بین الاقومی طلبہ کیلئے برطانیہ میں تعلیم کو آسان بنانا ہے۔
حالانکہ نئی تفصیلی فہرست میں ہندوستان کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جنرل کورسوں کیلئے اپلائی کرنے والے ہندوستانی طلبہ کو سخت جانچ اور دستاویزی کارروائی کے مرحلہ سے گزرنا ہوگا۔ یو کے کونسل فار انٹرنیشنل اسٹوڈینٹس افیئرس کے صدر لارڈ کرن بلموریا نے حکومت کے اس قدم کو ہندوستان کی توہین قرار دیا ہے۔