ڈھاکہ میں ہونے والا دہشت گردانہ حملہ بر صغیر ہند کے لئے تشویش کا باعث: مسلم فورم

12:50PM Sun 3 Jul, 2016

حکومتِ بنگلہ دیش مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر سخت اقدامات کرے: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ02؍جولائی: فورم فار مسلم ا سٹدیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) علی گڑھ نے ڈھاکہ ( بنگلہ دیش) میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ پر سخت ردِّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ڈھاکہ کے گلشن کے سفارتی علاقے کے ریسٹورنٹ میں جمعہ کی شب دہشت گردانہ حملہ کیاگیا جس کے نتیجہ میں چار افراد کی ہلاکت اور درجنوں افراد کو محصور کیاگیا وہ برِ صغیر ہند میں دہشت گردی کا ایک نیا باب ہے۔ فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ مقدس ماہِ رمضان المبارک میں مذہبی نعرے بلند کرتے ہوئے دہشت گرد ڈھاکہ کے سفارتی علاقہ گلشن میں واقع آرٹیزن بیکری ریسٹورنٹ میں گرینیڈ پھینک رہے تھے اور انسانوں کا خون بہا رہے تھے وہ کسی بھی قیمت پر اسلام نہیں تھا اور نہ ہی ان دہشت گردوں کو یہ حق ہے کہ وہ خود کو مسلمان کہلائیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے دہشت گردانہ حملہ میں ہلاک ہوئے بنّانی پولیس تھانہ( ڈھاکہ، بنگلہ دیش) کے انچارج صلاح الدین احمد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے سیاسی مقاصد اورمفاد پرستی کے لئے اسلام کا استعمال کرکے اسے بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں لہٰذا عالمی سطح پر مسلمانوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہوکر اٹھ کھڑے ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ڈھاکہ کا گلشن سفارتی علاقہ حد درجہ محفوظ علاقہ ہے جہاں34ممالک کے سفارت خانے ہیں اور حادثہ سے محض دو کلومیٹر دور ہندوستانی سفارت خانہ واقع ہے۔انہوں نے حکومت بنگلہ دیش سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف سخت اقدام کرے اور سماجی تانے بانے اور اتحاد کو تباہ نہ ہونے دے۔ڈاکٹر جسیم محمد نے توقع ظاہرکی کہ حکومت بنگلہ دیش جلد ہی دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کرے گی۔