غازی پورسانحہ: وزیراعلیٰ اسٹیج اورایوان میں کہتے ہیں 'ٹھوک دو'، اس لئے ہوا حادثہ: اکھلیش یادو
01:32PM Sun 30 Dec, 2018
Share:
غازی پورمیں نشاد پارٹی کے کارکنان کی پتھربازی سے ہوئی ایک سپاہی کی موت کے بعد اتوارکوسماجوادی پارٹی نے بی جے پی حکومت پرتنقید کی۔ یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پرتنقید کرتے ہوئے کہا "یہ حادثہ اس لئے ہوا کیونکہ وزیراعلیٰ ایوان میں ہویا اسٹیج پر، ان کی ایک ہی زبان ہے 'ٹھوک دو'"۔ انہوں نے کہا کہ کبھی پولیس کو نہیں سمجھ آتا کسے ٹھوکنا ہے، کبھی عوام کونہیں سمجھ میں آتا کسے ٹھوکنا ہے۔
یوپی کےلا اینڈ آرڈرپربولتے ہوئے اکھلیش یادونے کہا کہ حکومت پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔ وہیں غازی پورکے حادثے کوانہوں نے انتظامیہ کی ناکامی بتایا۔ اکھلیش نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آج پوسٹنگ کے لئے افسرانکاونٹرکررہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے بی جے پی پرحملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک اورریاست میں اتنی دھوکہ دہی اورجھوٹی حکومت پہلے کبھی نہیں آئی، جتنی کی اب ہے۔ ان لوگوں نے جوانوں اورکسانوں کسی سے بھی کئے وعدوں کونہیں پورا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں نے ایف ڈی آئی کی جتنی مخالفت کی، اتنی کسی نے نہیں کی۔ ایف ڈی آئی نافذ ہونےسے چھوٹے دوکاندار برباد ہوگئے۔
حادثہ کے بعد وارانسی زون کے اے ڈی جی پی وی رام شاستری نے بتایا کہ 'اس معاملے میں اب تک 11 لوگوں کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ سی ایم اوکے مطابق پولیس کانسٹبل کی موت سرپرچوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنا ابھی باقی ہے'۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے۔ 80-70 نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غازی پورمیں ہفتہ کووزیراعظم نریندرمودی مہاراجا سہیل دیو کو وقف ایک تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ یہاں انہوں نے مہاراجہ سہیل دیو کے نام پرایک پوسٹ اسٹیمپ جاری کرکے ریلی کو خطاب کیا۔ ہلاک ہونے والے پولیس کانسٹیبل سریش وتس اسی ریلی میں ڈیوٹی پوری کرکے واپس لوٹ رہے تھے۔ تبھی غازی پورمیں احتجاجی مظاہرہ کے دوران نشاد پارٹی کے کارکنان نے پتھربازی شروع کردی۔ اسی پتھربازی میں وتسو کی موت ہوگئی تھی۔