ماسکو کی شاہراہوں پر شاہ سلمان کی تصاویر
02:21PM Sun 20 Aug, 2017
روسی دارالحکومت ماسکو کی شاہراہوں پر بڑے بڑے بینر آویزاں کیے گئے ہیں جن میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی تصاویر نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ پیش رفت شاہ سلمان کے روس کے آئندہ دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں سامنے آئی ہے۔
روسی جریدے (Russian View)نے اپنی اشاعت میں سعودی عرب کے حوالے سے ضخیم مواد شامل کیا ہے جس میں سیاسی ، اقتصادی اور ثقافتی پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا ہے۔
جریدے نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تعلقات کی نوعیت پر گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ عرصے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے روس کے دورے اور صدر ولادیمر پیوتن سے ان کی ملاقات پر بھی روشنی ڈالی ہے۔
اسی طرح جریدے نے روس اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کا بھی جائزہ لیا ہے جس میں تجارتی تبادلے کے معاہدے اور تیل کی منڈی میں دوبارہ سے استحکام لانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون شامل ہے۔
اس سے قبل کرملن نے توقع ظاہر کی تھی کہ شاہ سلمان کے دورے کا وقت جلد متعین کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمر پیوتن نے اس دورے کی دعوت 2014 میں شاہ سلمان کے سعودی عرب کا اقتدار سنبھالنے کے بعد ہونے والی پہلی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دی۔