دسویں کے طالب علم عبدالصمد نے نئے میٹرو کی ایجاد کر کے لوگوں کو کر دیا حیران
01:08PM Thu 22 Feb, 2018
Share:
شاملی۔ اترپردیش کے شاملی میں 10 ویں کے طالب علم نے ٹوٹے پھوٹے بیکار سامان کو جوڑ کر ایک نئے میٹرو ٹرین کی ایجاد کرکے ہر ایک کو حیران کر دیا ہے۔ اس پروجیکٹ کو دیکھ کر ہر کوئی دانتوں تلے انگلی دبا رہا ہے۔
کیڑی جانکی داس انٹر کالج میں دسویں کلاس کے طالب علم عبدالصمد نے لکڑی اور لوہے کے سامان کو اکھٹا کر اسے جوڑ توڑ کر ایسا خوبصورت ڈیزائن تیار کیا ہے، جو دیکھنے میں میٹرو ٹرین کی طرح ہے۔ طالب علم کا یہ ماڈل میٹرو ٹرین بیٹری کے ڈی سی کرنٹ سے چلتا ہے۔ اسے دیکھ کر لوگ عبدالصمد کی صلاحیت کے معترف ہو گئے ہیں۔
یہ ڈیزائن اس نے گھر کی چھت پر تیار کیا ہے۔ جس میں اس نے تانبے کے دو تار لگائے ہیں۔ چھوٹی بیٹری کا ڈی سی کرنٹ فلو کروایا۔ کرنٹ سے فلو ہوتے ہی میٹرو ٹرین کا انجن دونوں تاروں سے ٹچ ہو کر ایسے دوڑ جاتا ہے جیسے میٹرو ٹرین دوڑتی ہے۔
صمد نے بتایا کہ سال 2014 میں اس نے پہلی بار میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ سفر کے دوران ہی صمد نے میٹرو کا ماڈل تیار کرنے کا عہد کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی عبدالصمد نے میٹرو کے بارے میں مزید معلومات جمع کرنا شروع کردیں اور پھر ایک ایسی ٹرین تیار کی جس کے بنانے کے بارے میں اب تک ملک کے کسی بھی سائنسداں نے نہیں سوچا ہو گا۔
طالب علم کی طرف سے تیار کردہ اس ماڈل کو دیکھنے کے لئے اس کے گھر پر دیہی باشندوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے۔ صمد کا کہنا ہے کہ 40 فٹ لکڑی کی بنائی پٹری کو میٹرو ٹرین آٹھ سیکنڈ میں پوری کر لیتی ہے۔ وہ سابق صدر عبدالکلام کو اپنا آئیڈیل مانتا ہے۔