کانگریس کا سرجیکل اسٹرائیک غریبی اور بے روزگاری پر ہوگا: راہل گاندھی
01:46PM Tue 26 Mar, 2019
راجستھان کے سورت گڑھ میں راہل گاندھی نے ’جن سنکلپ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم نریندر مودی امیروں کو پیسہ دیتے ہیں، ہم غریبوں کو پیسہ دیں گے۔ کم از کم آمدنی منصوبہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا سرجیکل اسٹرائیک غریبی پر ہوگا اور ملک سے غریبی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
ریلی میں لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی تاریخی کام کرنے جا رہی ہے۔ مرکز میں حکومت بننے کے بعد وہ غریبوں کے کھاتے میں 72 ہزار روپے سالانہ دے گی۔ اس منصوبہ کے ذریعہ کانگریس پارٹی نے غریبی کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کرنے کی تیاری کر لی ہے۔‘‘
کانگریس صدر نے کہا کہ مودی حکومت اور ارون جیٹلی جی سوال پوچھ رہے ہیں کہ ’نیائے‘ (کم از کم آمدنی منصوبہ) کے لیے اتنے پیسے کہاں سے آئیں گے، تو وہ سن لیں کہ مودی حکومت نے چند صنعت کاروں کو لاکھوں کروڑ روپے دے دئیے، ہم غریبوں کو ’نیائے‘ منصوبہ کے ذریعہ ہر سال 72 ہزار روپے دے کر دکھائیں گے۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مودی حکومت نے چند صنعتوں کے لاکھوں کروڑ روپے معاف کر دئیے، لیکن کسانوں کا ایک روپیہ بھی معاف نہیں کیا۔ مودی جی صرف وعدے کرتے ہیں، اس کو پورا نہیں کرتے۔ حال ہی میں ہوئے راجستھان اسمبلی انتخاب میں ہم نے کسانوں کے لیے قرض معافی کا وعدہ کیا تھا، جیسے ہی حکومت بنی ہم نے قرض معافی کا وعدہ پورا کر دیا۔‘‘
اسٹیج سے راہل گاندھی نے نوجوانوں اور کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کی ہر حال میں حفاظت کرے گی۔ راہل گاندھی نے کسانوں اور نوجوانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ مودی حکومت میں یہ دونوں طبقات پریشان ہیں۔ لیکن مرکز میں کانگریس کی جب حکومت آئے گی تو کانگریس کسانوں کی حفاظت اور نوجوانوں کو روزگار دینے پر توجہ دے گی۔