وزیر اعظم کو ناشائستہ زبان استعمال کرنے کےلئے متنبہ کریں: منموہن سنگھ نے خط لکھ کرصدرجمہوریہ سےکی شکایت

02:33PM Mon 14 May, 2018

نئی دہلی: کانگریس نے کرناٹک اسمبلی الیکشن کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر میں پارٹی کو دھمکی دیئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند سے درخواست کی ہے کہ نریندر مودی کو متنبہ کریں کہ وہ ناشائستہ زبان استعمال نہ کریں اور انہیں عہدے کے وقار کو برقرار ركھنے کی صلاح دیں۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم، پارٹی کے سینئر لیڈر کرن سنگھ، موتی لال ووہرا سمیت متعدد لیڈروں کی جانب سے صدر جمہوریہ  رام ناتھ كووند کو بھیجے گئے مکتوب میں6 مئی کو ہگلی میں ایک ایک ریلی سے مودی کی تقریر کے تناظر میں یہ شکایت کی گئی ہے۔ مکتوب میں  وزیراعظم مودی کی اس تقریر کےایک حصے کا حوالہ دیا گیا ہے اور اس کا ویڈیو بھی بھیجا گیا ہے، جس میں ان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ "کانگریس کے لیڈر کان کھول کر سن لیجیےاگر حدوں کو پار کریں گے تو یہ مودی ہے، لینے کے دینے پڑجائیں گے"۔ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ وزیر اعظم آئین کا حلف لے کر کہتے ہیں کہ وہ اس کے اقدار کے موافق کام کریں گے اور اب تک ملک کے تمام وزرائے اعظم نے اپنے عہدے کے وقار اور شبیہ کا خیال رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کیا ہے، لیکن یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ ملک کا وزیر اعظم اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کے لیڈروں کو اس طرح کھلے عام دھمکی دے گا۔ مکتوب میں کانگریس کے لیڈروں نے نریندر مودی کی تقریر کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 130 کروڑ کی آبادی والے جمہوری ملک کے وزیر اعظم کی ایسی زبان قابل قبول نہیں ہے، جو ذاتی طور پر یا عوامی طور د کہی گئی ہو۔  یہ دھمکی آمیز الفاظ نہ صرف اشتعال انگیز ہیں بلکہ اس سے ملک کے امن  میں بھی خلل آتاہے۔ مکتوب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی سب سے پرانی پارٹی ہے اور اس نے بہت سارے چیلنجوں اور خطرات کا سامنا کیا ہے۔ کانگریس قیادت نے ہمیشہ اپنی جرات اور بے باکی کا ثبوت دیا ہے۔ کانگریس اور اس کے لیڈر کسی کی دھمکیوں سے جھكنےوالے نہیں ہیں۔ ان لیڈروں نے صدر جمہوریہ كووند سے کہا کہ ملک کے آئینی سربراہ ہونے کے ناطے ان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وزیر اعظم کو ہدایت دیں۔ وزیر اعظم سے یہ امید نہیں کی جاتی ہے کہ وہ انتخابات کے دوران سیاسی بدلہ لینے اور ذاتی رنجش کی بنیاد پر ایسی دھمکی بھری زبان استعمال کریں۔ صدر جمہوریہ کو مکتوب لکھنے والے دیگر رہنماؤں میں لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملك ارجن کھڑگے، سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ، امبیکا سونی، سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ، اشوک گہلوت اور احمد پٹیل شامل ہیں۔