این ایس جی پر یشونت سنہا نے مودی حکومت پربولا بڑا حملہ ، کہا : مل جاتی رکنیت تو ہم کہلاتے لوزر

11:49AM Sun 26 Jun, 2016

نئی دہلی : سابق مرکزی وزیر خزانہ اور بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت نہ ملنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں بیٹھے ہوئے کچھ لوگوں کی طرف سے حکومت ہند کو مسلسل گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کو آج این ایس جی کی رکنیت مل جاتی ، تو ہم 'لوزر کہلاتے ۔ اس سے نقصان ہوگانہ کہ کوئی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اتنا کہنا چاہوں گا کہ ہندوستان کو این ایس جی کی رکنیت قبول نہیں کرنی چاہئے ۔ ایسی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ این ایس جی کے لئے درخواست دی جائے۔ ساتھ ہی سنہا نے مرکزی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے بی جے پی کی پاکستان پالیسی کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا اور کہا کہ جتنا ہم اس پالیسی پر چلنا چھوڑیں، اتنا ہندوستان کے لئے اچھا ہو جائے گا۔ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو ہٹایا جانا چاہئے۔ یشونت سنہا نے کہا کہ عبدالباسط پہلے بھی ہندوستان کے خلاف متنازع بیان دیتے آئے ہیں ، لیکن ہر مرتبہ ہندوستان کی جانب سے نرمی برتے جانے کے باوجود وہ مسلسل ایسے بیانات دینے سے باز نہیں آ رہے ہیں، اس لئے اب انہیں ہٹا دیا جاجا چاہئے۔ سنہا نے کہا کہ بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہماری حکومت کی پاکستان پالیسی پوری طرح ناکام رہی ہے۔ کشمیر میں کل سی آر پی ایف کی گاڑی پر ہوئے دہشت گردانہ حملے پر انہوں نے کہا کہ اگر یہ درست ہے کہ کل مارے گئے دو دہشت گرد پاکستانی ہیں، تو یہ صاف ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان یہ جنگ جیسی صورت حال ہے۔