تتکال ٹکٹ بک کرنے سے پہلے آپ ضرور جان لیں یہ قوانین ، آسانی سے مل جائے گی ٹکٹ

01:27PM Wed 1 Aug, 2018

ریلوے نے تتکال ٹکٹ بکنگ اسکیم کو مسافروں کی سہولت اور بکنگ کاونٹروں سے بھیڑ کو کم کرنے کیلئے لانچ کیا تھا ۔ اس سہولت کا استعمال ان مسافروں کو کرنا تھا ، جنہیں کسی وجہ سے اچانک سفر کیلئے مجبور ہونا پڑتا تھا ، لیکن بعد میں مسافروں نے اس کا بھی استعمال عام سہولت کے طور پر شروع کردیا ، جس کی وجہ سے وقتا فوقتا موصول ہونے والی شکایتوں کی بنیاد پر ریلوے نے اس میں کئی مرتبہ تبدیلیاں کی ہیں ۔ فی الحال تتکال ٹکٹ بکنگ کا کیا قانون ہے ، اس کی ہم آپ کو معلومات فراہم کررہے ہیں ۔ اے سی کلاس کی ٹکٹوں کی تتکال بکنگ سفر شروع ہونے کی تاریخ سے ایک دن پہلے صبح 10 بجے سے شروع ہوتی ہے جبکہ نان اے سی ٹکٹوں کی بکنگ 11 بجے سے شروع ہوتی ہے ۔ بکنگ شروع ہونے کے آدھے گھنٹے تک مجاز ایجنٹس تتکال ٹکٹ بک نہیں کر سکتے ہیں ۔ سنگل یوزر آئی ڈی سے ایک دن میں صرف دو تتکال ٹکٹ بک کئے جاسکتے ہیں ۔ ایک آئی پی ایڈریس سے بھی زیادہ سے زیادہ دو تتکال تکٹ بک ہوسکتے ہیں ۔ نئے قوانین کے تحت کچھ شرطوں کے ساتھ تتکال ٹکٹ پر 100 فیصد تک ریفنڈ لے سکتے ہیں ۔