ججوں کا شکوہ: چار سینئر ججوں سے چیف جسٹس دیپک مشرا کی ملاقات
03:59PM Tue 16 Jan, 2018
نئی دہلی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا نے آج ان چاروں ججوں سے ملاقات کی، جنهوں نے گزشتہ جمعہ کو پریس کانفرنس کرکے عدالت کی انتظامیہ میں مبینہ خامیوں کو اجاگر کیا تھا۔ کورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ معمول کے مطابق کارروائی شروع ہونے سے پہلے چیف جسٹس دیپک مشرا نے جسٹس جے چیلمیشور، رنجن گوگوئي، مدن بی لوکور اور کوریئن جوزف سے ملاقات کی۔ چائے پر 15 منٹ کی ملاقات کے دوران جسٹس مشرا نے چاروں ججوں کے شکوے سنے اور ان ججوں نے سپریم کورٹ کی حالیہ سرگرمیوں سے متعلق امور پر گفتگو کی۔
اس سے پہلے 'ججوں کے تنازعہ' پر دو اہم قانونی اداروں کی طرف سے جہاں متضاد بیان سامنے آئے، وہیں حکومت کے سب سے بڑے قانونی اہلکار ( اٹارنی جنرل) نے بھی اس بحران کے سلجھنے میں مزید دو تین دنوں کا وقت لگنے کی بات کہی ہے۔
بار کونسل آف انڈيا (بی سی آئی) نے بحران ختم ہونے کا دعوی کیا تھا۔ لیکن اٹارنی جنرل کے بیان نے بی سی آئی کی مداخلت کے نتیجے پر شبہ پیدا کردیا ہے۔ بی سی آئي کے چیئر مین نے اٹارنی جنرل کے بیان کی نفی کرتے ہوئے آج کہا کہ عدلیہ کا بحران حل ہوچکا ہے۔