قومی حفاظتی صلاح کار اجیت ڈوبھال کا کشمیر کے حالات کے پیشِ نظروطن واپس آنا مناسب اقدام:مسلم فورم
04:01PM Tue 12 Jul, 2016
کشمیری مسلمان اسلام کی روح کو سمجھیں اور امن قائم کریں: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ12؍جولائی: فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) نے کشمیر وادی میں پُر تشدد واقعات اور دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قومی حفاظتی صلاح کار مسٹر اجیت ڈوبھال کی وطن واپسی اور فوری طور پر کشمیر پر کارروائی عمل میں لانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسٹر اجیت ڈوبھال کی قیادت میں کشمیر مسئلہ پر نہ صرف مثبت گفت و شنید ممکن ہے بلکہ وادی میں امن کی بحالی کی بھی توقع ہے۔
کشمیر میں پاکستان کے ذریعہ پھیلائی جا رہی دہشت گردی کے تازہ دور میں نہ صرف فوج اور پولیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ ملک کے پر امن شہریوں کو بھی ہلاک کیا جا رہا ہے وہ شدید طور پر قابلِ مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایف ایم ایس اے کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے مزمل منزل کامپلیکس میں واقع میڈیا سینٹر پرفورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) کے زیرِ اہتمام کشمیر پرمنعقدہ ایک اہم تجزیاتی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امرناتھ یاترا چل رہی ہے اور ایسے وقت میں دہشت گردانہ واقعات دنیا بھر میں ایک منفی پیغام پیش کر رہے ہیں جن پر فوری طور پر قدغن لگایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب سے قومی حفاظتی صلاح کار مسٹر اجیت ڈوبھال نے اپنے عہدہ کا چارج لیا ہے تب سے دہشت گردی کے واقعات میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی نے اپنے غیر ملکی دورے سے انہیں ملک کے موجودہ حالات کو سنبھالنے کی غرض وطن واپس بھیجا ہے اور انہوں نے وطن واپس آتے ہی متعلقہ افسران سے گفت و شنید شروع کردی ہے۔ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ قومی حفاظتی صلاح کار مسٹر اجیت ڈوبھال نہ صرف ایک با صلاحیت افسر ہیں بلکہ اس قسم کے دہشت گردانہ واقعات پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امرناتھ زائرین پر حملوں کے امکانات پر حفاظتی دستوں نے جس طرح کے انتظامات کئے وہ قابلِ ستائش ہیں۔ڈاکٹر جسیم محمد نے توقع ظاہر کی کہ مسٹر اجیت ڈوبھال کی قیادت میں جلد ہی وادی میں امن و آشتی کی صورتِ بحال ہوگی۔انہوں نے کشمیر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلام کی روح کو سمجھیں اور ریاست میں امن قائم کریں۔
ڈاکٹر دولت رام نے کہا کہ دہشت گرد برہان وانی کی ہلاکت پر پاکستان کا ردِ عمل یہ ثابت کرتا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ہی دین ہیں۔ ڈاکٹر آفتاب عالم نے کہا کہ اگرچہ حافظ سعید اور صلاح الدین نے برہان وانی کی ہلاکت پر خراجِ عقیدت کے لئے جلسے منعقد کئے جس کے نتیجہ میں وادی میں دہشت گردی کی حوصلہ افزائی ہوئی اور اب توقع ہے کہ اجیت ڈوبھال ان واقعات پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔
ٍ میٹنگ کے آخر میں مسلم فورم نے کشمیر میں امرناتھ زائرین پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے ذریعہ مسٹر اجیت ڈوبھال کو کشمیر کے حالات پر قابو پانے کے لئے وطن واپس بھیجے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اب وادی میں مکمل طور پر امن کا قیام عمل میں آئے گا۔