بی جے پی ریاست میں حکومت قائم کرنے بے چین نہیں ہے۔ ایڈی یورپا

01:51PM Tue 11 Sep, 2018

بنگلورو11؍ ستمبر(سالار نیوز) الجھن والے اشارے دیتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپانے کہا ہے کہ بی جے پی ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت گرانے کو کوشش نہیں کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے کچھ ناراض اراکین اسمبلی ان سے رابطہ میں ہیں۔یہاں اپنے گھر میں نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’پتہ نہیں کیوں جے ڈی ایس اور کانگریس کے لیڈران گھبرائے ہوئے ہیں؟بھارتیہ جنتا پارٹی یہاں حکومت قائم کرنے بے چین نہیں ہے۔ہمارے خلاف غلط الزامات لگانے کے بجائے مخلوط حکومت کے افراد عوام کی بہبودی پر توجہ دیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ بیلگاوی پی ایل ڈی بینک معاملے کے بعد بھارتیہ جنتاپارٹی کا منشاء آنے والے لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوک سبھا کی سیٹیں جیتنا ہے۔انہوں نے کہا ہم مختلف سطحوں پر اپنے یونٹوں کو مضبوط کررہے ہیں۔ کئی کانگریس لیڈر میرے رابطہ میں ہیں بالخصوص بیلگاوی معاملے کے بعد مجھ سے رابطہ کرنے والے لیڈروں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔میں سوچتا ہوں بیلگاوی معاملے کے بعد مخلوط اتحاد خوفزدہ ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔ایڈی یورپا نے کہا کہ وہ بہت جلد اپنی ریاست گیر یاترا کی شروعات کریں گے تاکہ پارٹی کو بنیادی سطح سے مضبوط کیا جا سکے۔انہوں نے کہا’’ہمارے کچھ لیڈروں نے اپنے متعلقہ علاقوں کاد ورہ شروع کردیا ہے جہاں وہ اپنا اثر رکھتے ہیں۔ میں اپنی یاترا جلد شروع کروں گا۔