کیش کی قلت سے پریشان لوگوں کو ایک اور جھٹکا ، پیر سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سے پٹرول پمپوں پر نہیں ہوگی ادائیگی

03:10PM Sun 8 Jan, 2017

نئی دہلی : اب پٹرول پمپ پر آپ کو آپ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی نہیں کر پائیں گے۔ بینکوں نے اچانک ہی پوائنٹ آف سیل پی او ایس سے ادائیگی پر ایک فیصد لیوی بڑھا دی ہے۔ بینکوں کی جانب سے اچانک لیے گئے اس فیصلہ سے وزارت تیل بھی حیران ہے۔ وہیں لیوی بڑھنے کے بعد پٹرول پمپ ڈیلروں نے پیر سے کارڈ سے ادائیگی لینے سے منع کر دیا ہے۔ یعنی اب پٹرول کی ادائیگی آپ کو صرف کیش میں کرنی ہوگی ۔ خیال رہے کہ کیش کی قلت سے دوچار لوگوں کی مصیبت اور بڑھ سکتی ہے۔ دہلی میں وزارت کے حکام نے بتایا کہ انہیں بینکوں کے اس فیصلہ کی کوئی معلومات نہیں تھی۔ انہوں نے بینکوں سے کہا ہے کہ لیوی بڑھانے کے اس فیصلہ کو فوری طور پر واپس لیں۔ تاہم صارفین پر اس فیصلہ کا کوئی براہ راست اثر نہیں پڑے گا ، کیونکہ بینکوں نے کسٹمر يوزنگ کارڈز پر کسی طرح کی لیوی نہیں لگائی ہے۔ لیوی بڑھنے کی وجہ سے پٹرول پمپ پر کارڈ ادائیگی پر ایسے وقت پر روک لگ رہی ہے، جب مرکز پلاسٹک منی کے ذریعہ پٹرول خریدنے کو ترجیح دینے پر زور دے رہا ہے۔ حال ہی میں مرکزی حکومت نے نان کیش لین دین پر 0.75٪ کیش بیک کی سہولت دی تھی۔
 آئی سی آئی سی آئی ، ایچ ڈی ایف سی اور ایکسس بینک نے ہفتہ کی رات کو ڈیلروں کو نوٹس بھیج کر سرچارج بڑھانے کی معلومات دیدی ہے۔ ملک کے 56190 پٹرول پمپ میں سے 52000 پٹرول پمپ پر آئی سی آئی سی آئی اور ایچ ڈی ایف سی بینک کی کارڈ سویپ مشین ہیں۔ نوٹس ملنے کے بعد اتوار کو پٹرول پمپ ڈیلر ایسوسی ایشن نے بنگلور میں میٹنگ کر کے کارڈ سے نہ لینے کا فیصلہ کیا ۔