اقلیتوں کے لئے علاحدہ ترقیاتی منصوبہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔سی ایم ابراہیم
12:49PM Thu 17 Jul, 2014
بھٹکلیس نیوز/17جولائی ،14
بنگلور/کرناٹک پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیر مین جناب سی ایم ابراہیم نے آج یہاں اردو میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران بتایا کہ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیرمین کی حیثیت سے انھوں نے کانگریس انتخابی منشور میں اقلیتوں سے کئے گئے وعدہ کو پورا کر نے ریاست میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے ایک علاحدہ منصوبہ بنانے کے بارے میں غور کر رہے ہیں ،مسٹر سی ایم ابراہیم نے کہا کہ ریا ستی حکومت نے پورے 69سال بعد پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیرمین کا اہم عہدہ ایک اقلیتی نمائندے کے حوالے کیا ہے ،اس ادارہ میں ریاست کے تمام تر قیاتی منصوبے بنائے اور انہیں منظور کئے جاتے ہیں ،وہ چاہتے ہیں کہ یہاں بننے والے منصوبوں کے ذریعہ وہ اقلیتوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کی کو شش کر یں گے ،ریاستی پلاننگ کمیشن مرکزی پلاننگ کمیشن اور مر کزی حکومت سے ربط رکھ کر منصوبوں کے لئے فنڈس کی حصولی کے علاوہ مر کز ریاست میں بہتر تعلقات اور ربط بنائے رکھنے کی کو شش کر یں گے ، مسٹر ابراہیم نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر کی حیثیت سے بھی خدمت انجام دی ہے اور ایک طویل عرصہ سے سیاست میں ہیں ،آج بی پی ایل طبقہ کو مرکزاور ریاست سے ہر طرح کی سہولت فراہم ہو رہی ہے تاہم اے پی ایل اور درمیانی طبقے سب سے زیادہ پریشان ہیں ،پلاننگ کمیشن میں چند ایسے منصوبے بنائے جائیں گے جن سے درمیانی طبقہ اور اے پی ایل طبقہ کو زیا دہ فائدہ پہنچے ،اقلیتوں کی تعلیمی ترقی ،ڈراپ آوٹ کا مسئلہ حل کر نے اور پرائمری تا ہائر لیول تک تعلیم کی بہتر سہولت کیلئے نئے منصوبے بنانے لائحہ عمل تیار کیاجارہاہے ،مسٹر سی یم ابراہیم نے اس موقع پر عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ اس ماہ رمضان میں اور طاق راتوں میں ریاست کی بہتری ،ترقی، بہتر بارش کے لئے اور اچھی فصل کے لئے دعا کریں اور موجودہ حکومت اگلے چار سال تک عوام کی بہتر خدمت کرے اور یہ حکومت مستحکم رہے ۔