شہر بنگلور اور ریاستِ کرناٹک کے مسلمان بھائیوں سے ایک دردمندانہ اپیل اور گذارش
02:34PM Sat 12 Aug, 2017
مرکزی انجمن جمعیت الانصار کے ذمہ داران اور اراکین کی شہر بنگلور اور ریاست کرناٹک کے تمام مسلمان بھائیوں سے یہ دردمندانہ اپیل اور گذارش ہے کہ آنے والے مہینہ ذی الحجہ میں ہماری عید، عید الاضحی یعنی قربانی کی عید ہے، اس عید سے ہفتہ دس دن پہلے ہی سے ہمارے مسلمان بھائی قربانی کے جانور خاص کر بڑے جانور ہوں کہ بکرا، گلی گلی، محلہ محلہ، سڑکوں پر نمائش کرتے پھرتے ہیں۔ ایک تو اس بے زبان جانور کو تکلیف دیتے ہیں دوسرا ہمارے شہر اور ریاست کے غیر مسلم بھائیوں کے لئے دل دُکھانے کا باعث بنتے ہیں۔ ایک اور بات کہ سڑکوں اور گلیوں میں آنے جانے والی عوام کو بھی خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بھی راہ چلتے تکلیف ہوتی ہے۔ ان تینوں باتوں سے بچیں۔قربانی کے عمل سے اگر اللہ تعالیٰ کی خوشنودی چاہتے ہیں تو ، نمائش، دکھاوا، ریاکاری اور دل آزاری سے پرہیز کریں۔ اللہ کے یہاں تو قربانی کے جانور کا نہ خون پہنچتا ہے، نہ گوشت۔ ہاں ہماری نیت اور ہمارا نیک عمل ضرور اس کی بارگاہ میں پہنچتے ہیں۔ تو پھر یہ دکھاوا؟ ہمارے پورے نیک عمل کو ضائع کردے گا۔ جمعیت الانصار کی یہ گذارش اور اپیل صرف بنگلور کے بھائیو ں سے ہی نہیں بلکہ ریاست کرناٹک کے تمام مسلم بھائیوں سے ہے۔اللہ تعالیٰ کی ناراضگی ہی کی علامت ہے کہ ملت اسلامیہ اس وقت مختلف قسم کے سیاسی، سماجی، معاشی بحرانوں کا شکار ہے۔ ایسے وقت میں ہمارا ہر قدم سوچ سمجھ کر اور بہت ہی دور اندیشی کے ساتھ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ نہیں کہ اپنی کچھ غلط حرکتوں کی وجہ سے مزید پریشانیوں میں اضافہ کرلیں۔ امید کہ تمام حضرات جو اس اپیل کو پڑھے ہوں وہ ان حضرات تک بھی پہنچائیں جو نہیں پڑھ سکے ہیں۔ نیک کام کرنا اور برائی سے روکنا بھی ثواب و اجر سے خالی نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم تمام کو نیک ہدایت سے نوازے۔