یوم آزادی کے موقع پر  آج بھٹکل کے مختلف اداروں اور محکموں میں لہرایا گیا ترنگا؛ تعلقہ اسٹیڈیم میں اسسٹنٹ کمشنر کے ہاتھوں پرچم کشائی

03:56PM Thu 15 Aug, 2019

بھٹکل: 15 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک کی 73/ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں ملک بھر میں آزادی کا جشن منایا گیا وہیں بھٹکل میں بھی مختلف تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں ترنگا لہرا کر آزادی کی قریبانیوں کو یاد کر کے انہیں سلامی دی گئی۔ سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی بھٹکل نوائط   کالونی کے تعلقہ اسٹڈیم میں عوام کے لیے پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی تھی  جہاں  اسسٹنٹ کمشنر جناب ساجد ملا صاحب نے ترنگا لہرایا ۔ اس موقع پر انہوں نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے  تمام افراد کو 73/ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ آزادی دلانے کے لیے سبھی مذاہب کے لوگوں نے اس ملک کے لیے قربانیاں دیں ہیں ہمیں ان کو یاد کرنا چاہئے اور ان کی قربانیوں کو ضائع ہونے نہیں دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے دیگر ملکوں کی توجہ بھی ہماری طرف مرکوز ہورہی ہے۔انہوں نے اس موقع پر ہندوستانی سائنسدانوں کی جانب سے چاند پر بھیجے گئے چندریان -2 کے سفر کو تاریخی کامیابی قرار دی۔ رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھی اس موقع پر آزادی کی قربانیوں کو یاد دلایا اور کہا کہ ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اسے اور مضبوط بنانے کے لیے سماج کے ہر طبقہ کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے جو کام مرکزی حکومت بخوبی کر رہی ہے۔انہوں نے اس موقع پر حال ہی میں اتر کینرا ضلع میں آئے سیلاب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں سرکاری افسران نے تعلقہ میں پوری تندہی کے ساتھ کام کیا ہے اور متاثرین کو ہر طرح سے سہولت دینے کی کوشش کی ہے۔ پروگرام میں کنڑا میڈیم سے سرکاری ہائی اسکول میں اول مقام حاصل کرنے والےاین جے درشن ، لوہیت کمار این نائک، شویتا وئیدیا کو حکومت کی جانب سےلیاپ ٹاپ کا تحفہ دیا گیا ۔ اسی طرح اردو میڈیم سے تعلقہ کو اول ، دوم اور سوم مقام پپانے والے صبغت اللہ ، زلفیٰ ، نفیہ بانو ، انگریزی میڈیم میں تعلقہ لیول پر  اول،  دوم اورسوم مقام حاصل کرنے والے چئتالی موگیر، انکت بھٹ اور شردھا پربھو ، اوشا نائک کی تہنیت کی گئی ۔ ڈائس پر  تحصلداروی پی کوٹرولی ،  بلاک ایجوکیشن افسر مسٹر منجی ،ڈی وائی ایس پی ولنٹائن ڈیسوزا، سی پی آئی گنیش کے ایل ، تعلقہ پنچایت افسر لکشمی نارائن سوامی ، جالی پنچایت چیف آفیسر وینوگوپال  ، بھٹکل بلدیہ چیف آفیسر دیوراج، جالی پنچایت صدر آدم شیخ وغیرہ موجود تھے۔۔اس موقع پر اسکولی بچے پریڈ کے لیے میدان میں موجود تھے لیکن بارش کی وجہ سے مارچ پاسٹ کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں پرچم کشائی : مشہور دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں بھی آج نائب صدر جامعہ جناب ابراہیم صاحب قاضیا کے ہاتھوں  73/ویں یوم آزادی پر ترنگا لہرایا گیا۔جس کے بعد مہتمم جامعہ مولانا مقبول صاحب کوبٹے ندوی نے مختصراً یوم آزادی کے متعلق  اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آزادی کے موقع پر علماء کرام کی قربانیوں کا بھی تذکرہ کیا۔ نیو شمس اسکول میں یوم آزادی کی تقریب: جامعہ آباد روڈ پر واقع نیو شمس اسکول میں بھی آج صبح 08:00 بجے جناب عفان عسکری صاحب کے ہاتھوں ترنگا لہرا یا گیاجس کے بعد طلبہ نے یوم آزادی کی مناسبت سے پروگرام پیش کیے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جناب عفان عسکری صاحب، جناب احمد طاہر صاحب، نائب صدر ادارہ تربیت اخوان جناب نذیر احمد قاضی صاحب، جناب عبدالمنعم رکن الدین صاحب، جناب رضا مانوی صاحب وغیرہ موجود تھے۔ علی پبلک اسکول میں لہرایا گیا ترنگا: علی پبلک اسکول میں آج صبح مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب مولانا مقبول کوبٹے صاحب ندوی نے پرچم کشائی کی اور آزادی کے تعلق سے مختصراً خطاب بھی کیا۔ آئی اے  یو ایچ ایس میں یونس قاضیا صاحب نے لہرایا ترنگا: اسلامیہ اینگلواردو ہائی اسکول میں آج صبح رابطہ سوسائٹی کے صدر اور بھٹکل کے مشہور تاجر جناب یونس قاضیا صاحب نے  ترنگا لہراتے ہوئے طلبہ کو آزادی کا صحیح مطلب سمجھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے طلبہ کو دستور کی جانکاری حاصل کرنے اور اس کی حفاظت کرنے کی بھی ترغیب دی۔ انجمن پی  اور ڈگری  کالج میں جشن آزادی کی تقریب: 73/ویں یوم آزاد ی کی مناسبت سے آج انجمن پی یو اور ڈگری  کالج میں  پرچم کشائی کی گئی ۔ انجمن پی یو کالج میں مہمان خصوصی جناب انجم کولا صاحب نے ترنگا لہرایا اور انجمن ڈگری کالج میں مہمان خصوصی جناب جیلانی محتشم صاحب نے ترنگا لہرا کر سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پی  یواینڈ کالج بورڈ سکریٹری جناب محسن شابندری صاحب، پرنسپال  پی یوکالج جناب یوسف کولا صاحب اور دیگر موجود تھے۔ بھٹکل کی عدالت میں یوم آزادی کی تقریب: بھٹکل  کی عدالت میں منصف جگدیش شیوپوجے نے 73ویں یوم ِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی ۔اس موقع پر وکلاء تنظیم کے ممبران موجود تھے۔ اس کے علاوہ بھٹکل میونسپال، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل، بھٹکل تاؤن پولس اسٹیشن،  تعلقہ پنچایت دفتر،فاریسٹ دفترمیں بھی ترنگا لہرا کر یوم آزادی کی تقریبات منائی گئی۔