سائنسدانوں نے دنیا کو ایلین کی نظروں سے بچانے کا منصوبے پر کام شروع کردیا

01:41PM Tue 5 Apr, 2016

نیویارک: ناسا کی طاقت ور ٹیلی اسکوپ سے آنے والے عجیب وغریب سگنلز نے سائنس دانوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ خلاؤں میں بسنے والی مخلوق سے دنیا کو اوجھل کیسے رکھا جائے اور اسی لیے اب تیزی سے اس منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی ایلین کی موجودگی کو بھی اب تسلیم کیا جانے لگا ہے۔ نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں کام کرنے والے ماہرفلکیات نے ایلین کی نظروں سے زمین کو اوجھل رکھنے کا منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت لیزر بیم کی مدد سے زمین کو ایلین سے چھپایا جا سکتا ہے جس کے تحت انہیں زمین ایک چٹان کی طرح نظر آئے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس منصوبے پر کام کا آغاز اسی وقت کردیا تھا جب یہ خبر سامنے آئی کہ ناسا کی طاقتور ٹیلی اسکوپ نے خلا سے ایک عجیب و غریب سگنلز کے آنے کی اطلاع دی تھی۔ سائنس دانوں نے ان سگنلز کے بارے میں کہا ہے ایسا لگتا ہے کہ یہ سگنلز ایلین کے مرکز یا پھر میگا اسٹریکچر سے آرہے ہیں۔ کچھ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس بات کے امکانات ہیں کہ اس ستارے سے آنے والے ان سگنل کی کوئی قدرتی وجہ ہو لیکن بعض کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ انہیں ایسا نہیں لگتا بلکہ سائنس دانوں کو چاہیے کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ انسان کے دشمن اور انسانیت کے خلاف خوفناک عزائم رکھنے والے ایلین سے زمین کو کیسے بچایا جائے۔ ان ماہرین کے مطابق زمین کو ایلین سے اوجھل رکھنا حیرت انگیز حد تک انتہائی آسان ہے جس کے تحت آسمان پر سیاروں کی تلاش کے طریقہ ٹرانزٹ میتھڈ کو استعمال کیا جاسکتا ہے جس میں ستاروں کی چمک کے دوران چھوٹے ڈپس کی مدد سے ان سیاروں کو تلاش کیا جاتا رہا ہے اور اسی طریقہ کو استعمال کر کے ایلین کو زمین کے سگنلز سے دور رکھا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انجینئرززمین کے سورج کے سامنے سے گزرتے وقت انتہائی روشن لیزر یا پھر کلیکشن آف لیزر کو اس ستارے کی جانب ڈالیں گے جہاں اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ ایلین کا مسکن ہے جس کی بدولت ایلین زمین کے سورج کی روشنی میں کوئی تبدیلی محسوس نہیں کر پائیں گے اور زمین ان سے اوجھل رہے گی۔ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ پیدا کی جانے والی یہ شعاعیں 30 میگا واٹ کی روشنی ہر سال 10 گھنٹے تک خارج کرسکیں گی، بالخصوص اس وقت جب زمین سورج کے سامنے سے گزر رہی ہوگی اور اسی کی بدولت زمین ایلین کو نظر نہیں آئے گی۔