فلم کی شوٹنگ کررہے اداکاروں کو لوگوں نے سمجھا دہشت گرد ، پولیس نے ایک گھنٹے تک چلایا سرچ آپریشن

09:26AM Wed 29 May, 2019

مہاراشٹر کے پال گھر میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے ۔ علاقہ میں دو دہشت گردوں کے ہونے کی خبر سے افراتفری مچ گئی ۔ اتنا ہی نہیں یہ خبر پولیس تک پہنچی تو دہشت گردوں کی تلاش میں سات پولیس تھانوں کی ٹیمیں دبش دینے کیلئے نکل پڑیں ۔ تقریبا ایک گھنٹے تک سرچ آپریشن چلایا گیا ، جس کے بعد سامنے آیا کہ یہ دونوں دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گرد کی ڈریس میں فلم کی شوٹنگ کررہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق پال گھر میں بالی ووڈ اداکار ریتک روشن اور ٹائیگر شراف کی ایک فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی ، جس میں دو جونیئر آرٹسٹ دہشت گرد کا کردار نبھا رہے تھے ۔ شوٹنگ سے بریک لے کر یہ دونوں نزدیک میں ہی واقع ایک دکان پر سگریٹ خریدنے کیلئے پہنچ گئے ۔ اس دوران پنچ وٹی ناکہ علاقہ میں ایک اے ٹی ایم گارڈ نے دہشت گردوں کو کھلے میں گھومتے دیکھا تو فورا پولیس کو اطلاع دیدی ۔
 جس کے بعد حرکت میں آئی پولیس نے ایک کے بعد ایک کئی تھانوں اور کنٹرول روم کو اس کی جانکاری دی ۔ پولیس کی کئی گاڑیاں ان دہشت گردوں کی تلاش کرتے ہوئے علاقہ میں گھومنے لگیں ۔ اس دوران سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئیں ، جس کے بعد سامنے آیا کہ یہ دونوں دہشت گرد نہیں بلکہ اداکار تھے ۔ تب پولیس نے راحت کی سانس لی ۔ حالانکہ تقریبا ایک گھنٹے تک یہ ڈراما چلتا رہا ۔terro