ودربھ، مراٹھواڑہ کو خصوصی مالی مدد کرنے والے نجی بل پر لوک سبھا میں ہوگا غوروخوض 

01:44PM Mon 30 Jan, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)خشک سالی ، پانی کے مسئلہ اور کسانوں کی خود کشی کے لیے سرخیوں میں رہے مہاراشٹر کے ودربھ اور مراٹھواڑہ علاقے کو خصوصی مالی مدد فراہم کرنے کی تجویز والے کانگریس کے راجیو ساتو کے نجی بل پر لوک سبھا میں غور کیا جائے گا۔لوک سبھا سکریٹریٹ سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق، صدر نے آئین کے آرٹیکل 117:3کے تحت ودربھ اور مراٹھواڑہ پسماندہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقے خصوصی مالی مدد بل 2016پر غور کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔راجیو ساتو نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ودربھ اور مراٹھواڑہ ایک انتہائی پسماندہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقہ رہا ہے اور اس علاقے کو خصوصی مالی مدد کی ضرورت ہے، اس علاقے کی جامع ترقی اور کسانوں، زرعی علاقے کے مزدوروں ، بے زمین مزدوروں، غریب خواتین، بزرگوں، بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے لیے خصوصی مالی امداد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے نجی بل کے طور پر ودربھ اور مراٹھواڑہ پسماندہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقے خصوصی مالی مدد بل 2016کو آگے بڑھانے کی پہل کی ہے۔بل کی وجوہات اور مقاصد میں کہا گیا ہے کہ ودربھ اور مراٹھواڑہ کے پسماندہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لیے ہندوستان کے جمع فنڈ سے ہر سال ایک مقررہ رقم ادا کی جائے تاکہ ان علاقوں میں منصوبوں کے اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔ان میں ایسی اسکیمیں شامل ہیں جو مہاراشٹر حکومت مرکز کی منظوری سے آگے بڑھا رہی ہے۔ایسی اسکیمیں کسانوں، کسان مزدوروں ، بے زمین مزدوروں، غریب خواتین، بزرگوں، بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔