سری لنکا کا میرا دورہ مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے:مودی
02:30PM Fri 12 May, 2017
نئی دہلی، 11؍مئی(آئی این ایس انڈیا )
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والا سری لنکا کا ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ایک علامت ہے اور یہ بودھ مت کے مشترکہ ورثے کو سامنے لاتا ہے۔اس دو روزہ دورے کے دوران وہ بودھ مت کے پیروکاروں کے سب سے بڑے تہوار بین الاقوامی بیساکھ دیوس تقریب میں شرکت کریں گے، ہندوستان کی مدد سے بنائے گئے ایک ملٹی اسپشیلٹی اسپتال کا افتتاح بھی کریں گے اور ہندوستانی نژاد تمل کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ وہ کئی دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے سری لنکا کے دورے سے چند گھنٹے پہلے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہاکہ یہ دو سالوں میں وہاں کا میرا دوسرادورہ ہو گا جو ہمارے مضبوط تعلقات کا اشارہ ہے۔مودی نے لکھا،اپنے دورے کے دوران میں کولمبو میں 12؍مئی کو بین الاقوامی بیساکھ دیوس تقریب میں شرکت کروں گا ،جہاں میں بودھ مت کے مذہبی پیشواؤں ، رہنماؤں اور مفکروں سے بات چیت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ صدر میتری پالا سری سینا اور وزیر اعظم رنل وکرم سنگھے کے ساتھ ان پروگراموں میں شامل ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔مودی نے کہاکہ میرا دورہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان سب سے مضبوط تعلقات میں سے ایک بودھ مت کی مشترکہ وراثت کو اجاگر کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2015میں ان کے گزشتہ دورے میں انہیں صدیوں سے بودھ مت کے اہم مرکز اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ انورادھاپور جانے کا موقع ملا تھا۔انہوں نے کہا، اس بار مجھے کینڈی میں شری دلادا ملی گوا مقدس مقام کی زیارت کرنے کا موقع ملے گا۔مودی نے کہا کہ ان کے دورے کا آغاز کولمبو میں گنگارامیا مندر میں واقع سیما ملاکا سے ہو گا جہاں وہ روایتی شمع روشن پروگرام میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ سری سینا، وکرم سنگھے اور دیگر اہم لیڈروں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔مودی نے کہاکہ میں سری لنکا میں ڈکویا اسپتا ل کا بھی افتتاح کروں گا، جسے ہندوسان کی مدد سے بنایا گیا ہے اور وہ ہندوستانی نژاد تمل کمیونٹی کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔