سواتی قتل کیس:کلیدی ملزم گرفتار، گرفتاری کے وقت خود کا گلا کانٹنے کی کوشش کی تھی
05:35AM Sun 3 Jul, 2016
چنئی۔ (یو این آئی) تمل ناڈو پولیس کی خصوصی ٹیم نے انفوسس کی نوجوان خاتون ملازمہ سواتی کے سنسنی خیز قتل کیس کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ قتل کا سبب یک طرفہ پیار بتایا جا رہا ہے۔ چنئی شہر کے پولس کمشنر ٹی کے راجیندرن نے آج بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو دبوچ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کا سبب یک طرفہ محبت تھی اور ملزم نے اکیلے اس جرم کو انجام دیا ہے ۔ واضح رہے کہ 24 جون کوننگمبکم ریلوے اسٹیشن پر سواتی کودن دہاڑے قتل کر دیا گیا تھا۔
مسٹر راجیندرن نے بتایا کہ ملزم رام كمار گزشتہ تین ماہ سے سواتی کے گھر کے نزدیک چولئیمیڈو علاقے میں رہ رہا تھا اور وہ کئی بار اس کا پیچھا کر چکا تھا۔ وہ سواتی سے دوستی کرنا چاہتا تھا لیکن سواتی نے انکار کر دیا جس کے بعد رام كمار نے اس کو قتل کردیا۔ پولس کمشنر نے کہا کہ ابھی تک کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ رام كمار نے تنہا اس جرم کو انجام دیا اور اس میں اس کے ساتھ کوئی نہیں تھا۔ پولس جب رام كمار کو گرفتار کرنے گئی تو اس نے اپنا گلا کاٹ کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔آج صبح اس کی سرجری کی گئی ہے ۔ ڈاکٹروں کی طرف سے صحت مند قرار دیئے جانے کے بعد اسے ترنیلویلي سے چنئی لایا جائے گا۔