Karnataka to Launch SIR Process from June 20; Tanzeem Leaders Make Special Appeal to Public Regarding Voter Mapping
09:30PM Sun 7 Jun, 2026
بھٹکل: 6 جون،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کے سلسلے میں آج صبح رابطہ سوسائٹی میں ایک پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جون سے قبل ایس آئی آر کے لیے اپنی میپنگ کا کام مکمل کرلیں۔
تنظیم کے سیاسی پینل کے کنوینر ایڈوکیٹ عمران لنکا نے اس اخباری کانفرنس میں ایس آئی آر کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ کرناٹک میں 20 جون سے SIR کا عمل شروع ہوگا، جس کے تحت ووٹر لسٹوں کی جانچ اور تصدیق کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمل کے تحت ووٹر لسٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ انتقال کر جانے والے، مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہونے والے یا دیگر غیر متعلقہ اندراجات کی نشاندہی کی جا سکے اور انتخابی فہرستوں کو مزید درست اور شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے میپنگ کے تعلق سے تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ میپنگ دراصل سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود ریکارڈ کو موجودہ ووٹر لسٹ کے ساتھ مربوط کرنے کا ایک عمل ہے۔ اگر کسی ووٹر کے والد، والدہ، دادا، دادی، نانا یا نانی کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود ہو تو موجودہ ووٹر کا نام اس ریکارڈ سے جوڑا جا سکتا ہے۔ اس عمل کا مقصد ووٹر کی تفصیلات کی تصدیق اور ریکارڈ کو مضبوط بنانا ہے۔
عمران لنکا نے بتایا کہ جن افراد یا خاندانوں کے نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہیں انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے ووٹرز اپنی شناخت اور رہائش سے متعلق ضروری دستاویزات تیار رکھیں۔ SIR کے دوران بی ایل او کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فارم کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد ان کا معاملہ متعلقہ ضابطوں کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 18 سال کی عمر مکمل کر چکے نوجوان 9 جون تک ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مجلسِ اصلاح و تنظیم اور رابطہ آفس میں رہنمائی کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ آن لائن درخواست بھی دی جا سکتی ہے۔
تنظیم کی ایس آئی آر کمیٹی کے کنوینر جناب مبشر ہلارے کے مطابق میپنگ کا عمل اس وقت آخری مرحلے میں ہے اور بھٹکل میں تقریباً 60 سے 70 فیصد میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپ لگائے جا رہے ہیں تاکہ اس عمل میں تیزی لاکر مجموعی تناسب کو بڑھایا جاسکے ۔ کسی بھی معلومات یا دشواری کی صورت میں تنظیم آفس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس تعلق سے مزید جانکاری کے لیے اس نمبر پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے:
مبشر ہلارے (کنوینر، SIR کمیٹی، مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل)
9972818849