Karnataka SIR 2026: Special Voter Campaign on September 19–20; Tanzeem Urges Public to Verify Electoral Roll Details
08:27PM Fri 18 Sep, 2026
بھٹکل، 18 ستمبر: کرناٹک SIR 2026 کے تحت 19 اور 20 ستمبر کو ریاست بھر میں خصوصی ووٹر مہم منعقد ہونے والی ہے اس لیے عوام اس سے بھرپور اٹھا تے ہوئے مسودہ انتخابی فہرست (Draft Electoral Roll) میں اپنے نام اور دیگر تفصیلات کی جانچ ضرور کریں۔یہ درخواست مجلسِ اصلاح و تنظیم، بھٹکل کے SIR کنوینر کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ پریس ریلیز میں کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خصوصی مہم کے دونوں دن بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہیں گے، جہاں ووٹر اپنے نام اور انتخابی تفصیلات کی جانچ، نئے اندراج، ضروری تصحیح اور دیگر متعلقہ کارروائی کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔
پریس ریلیز میں بالخصوص ان نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے جو یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرلیں گے وہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کروانے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کریں۔ اس کے علاوہ جن اہل افراد کے نام مسودہ انتخابی فہرست میں موجود نہیں ہیں، وہ اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ پر جاکر BLO سے رابطہ کریں۔
تنظیم نے تمام ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی فہرست میں اپنے نام، عمر، پتہ اور دیگر تفصیلات احتیاط سے چیک کریں اور کسی غلطی یا کمی کی صورت میں مقررہ طریقۂ کار کے مطابق تصحیح یا ضروری درخواست جمع کریں۔
اسی طرح خاندانوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں اور ایسے افراد کی مدد کریں جنہیں انتخابی فہرست کی جانچ یا ضروری کارروائی مکمل کرنے میں معاونت درکار ہو۔
مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے بندر روڈ پر واقع تنظیم ہیلپ لائن سینٹر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔