دیکھتا ہوں دیدی مغربی بنگال میں ہماری ریلی ہونے دیتی ہیں کہ نہیں: نریندر مودی
11:23AM Thu 16 May, 2019
وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر حملہ کرتےہوئے کہا کہ ممتا دیدی مجھے وزیر اعظم نہیں مانتی ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کو وزیر اعظم مانتی ہیں۔ مودی نے یہاں بھٹولی میں گھوسی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار اور رکن پارلیمان ہری نارائن راج بھر کی حمایت میں بی جے پی وجے سنکلپ ریلی سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ بہن جی( مایاوتی) نے مغربی بنگال کے حوالے سے مجھ پر نشانہ سادھا ہے اور الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی وہاں اترپردیش، بہار اور پوروانچل کے لوگوں پر نشانہ سادھ رہی ہیں اور انہیں باہری بتا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک بار انتخابی تشہیر کے لئے بی جے پی کی جانب سے کوچ بہار میں ایک اسٹیج بنایا گیا تھا جہاں ترنمول کانگریس نے اپنا منچ بنا دیا تھا۔ یہ جمہوریت مخالف کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ میں بہت دن سے دیکھ رہا ہوں اور ملک بھی دیکھ رہا ہے۔ دیکھتے ہیں مغربی بنگال میں دیدی اب ان کی ریلی ہونے دیتی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ منگل کو کولکاتہ میں امت شاہ کی ریلی میں ایشور چندر ودیا ساگر کی مورتی توڑ دی گئی۔ ایشور چندر ودیا ساگر ہندوستان کی عظیم ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ غریبوں اور دلتوں کے محافظ تھے۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کی تھی۔ انہوں نے جو کیا اس کے ہم قرض دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایشور چندر ودیا ساگر کی دھات کی مورتی بنائیں گے۔