راجستھان: وزیراعلیٰ وسندھرا راجے کے خلاف جسونت سنگھ کے بیٹے مانویندرسنگھ کوملا کانگریس کا ٹکٹ

12:25PM Sat 17 Nov, 2018

راجستھان کی وزیراعلیٰ وسندھرا راجے کا مقابلہ جھالرا پاٹن سیٹ پربی جے پی کے سابق لیڈر جسونت سنگھ کے بیٹے مانویندر سنگھ  سے ہوگا۔ مانویندرسنگھ  حال ہی میں بی جے پی چھوڑکرکانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ وسندھرا راجے نے ہفتہ کو جھالا واڑسکریٹریٹ میں اپنی پرچہ نامزدگی داخل کی۔ وہ 2003 سے ہی جھالرا پاٹن اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑرہی ہیں۔ واضح رہے کہ مانویندرسنگھ  14 ویں لوک سبھا میں 2004 سے لے کر2009 کے درمیان باڑمیر- جیسلمیرسے ممبرپارلیمنٹ بھی رہے ہیں۔ 2013 میں بی جے پی کے ٹکٹ پرراجستھان کے شیو اسمبلی سیٹ سے وہ پہلی بارممبراسمبلی منتخب ہوئے۔
 قابل ذکرہے کہ وسندھرا راجے جب پہلی بار 2003 میں راجستھان کی وزیراعلیٰ بنی تھیں تو اس وقت جسونت سنگھ نے ان کی کافی مدد کی تھی۔ یہی نہیں جسونت سنگھ نے بی جے پی کی ریاستی یونٹ کو آگے بڑھانے میں بھی کافی مدد کی تھی، لیکن 2014 میں انہوں نے بی جے پی چھوڑدی تھی۔