مسلم نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے یوتھ ونگ، جماعت اسلامی ہند، کرناٹک کی ریاست گیر مہم
02:21AM Tue 4 Feb, 2014
بھٹکلیس نیوز / 02 فروری 14
بھٹکل / (راست )آج ہمارا معاشرہ جن مسائل سے دوچار ہے ان میں اخلاقی برائیوں کامعاملہ قابل تشویش ہے۔فحاشی و عریانیت، انٹرنیٹ کا بے لگام استعمال، بے پردگی و بے حیائی، عصمت دری کے واقعات، خواتین پر مظالم، جہیز ہراسانی، سگریٹ نوشی اورمنشیات کا استعمال، جوا، سٹہ اور بے کار وقت گزاری کا معاملہ، سودی کاروبار، رشوت خوری، ہم جنس پرستی کی وکالت ،وغیرہ نے علامہ اقبالؔ کے اس مصرعے کو سچ کردکھایاہے کہ ’’حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی‘‘۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ان برائیوں میں بالخصوص نوجوان طبقہ بہت زیادہ ملوث پایا جاتا ہے۔ملت کے نوجوانوں کو اس وبا سے محفوظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسی فکر کے ساتھ ان شاء اللہ یوتھ ونگ، جماعت اسلامی ہند، کرناٹک کی جانب سے ۲ تا ۹؍فروری ۲۰۱۴ء کے دوران ’’خدا کرے کہ جوانی تری رہے بے داغ‘‘ کے موضوع پر ایک ریاست گیر مہم حسبِ ذیل مقاصد کے تحت چلائی جائے گی۔(۱)مسلم نوجوانوں کے کردار کی تعمیر کے لیے فضا ہموار کرنا، (۲) مغربی کلچر کے مضر اثرات سے انہیں واقف کرانا اور اس سے اجتناب کے لیے آمادہ کرنا،(۳) فحاشی و عریانیت، فیاشن ،نشہ آور اشیا کا استعمال، صارفیت اور دیگر منکرات سے آگاہ کرنا، (۴) اخلاقی برائیوں میں ملوث نوجوانوں کی اصلاح کے لیے کوشش کرنا،(۵)اپنی اصلاح کے ساتھ معاشرہ کی برائیوں کے ازالے کے لیے مسلم نوجوانوں کو تیار کرنا۔ان شاء اللہ ان مقاصد کے حصول کے لیے مختلف مقامات پر نوجوانوں کے تربیتی پروگرام، سمینار، سمپوزیم، پینل ڈسکشن، اسٹریٹ پلے، ریالی،وغیرہ کا اہتمام پیش نظر ہے۔ مہم کے دوران کرناٹک کے۲۲؍اضلاع میں ضلعی سطح پر نوجوانوں کے بڑے کنونشنس منعقد ہوں گے۔ جس کے لئے بڑے پیمانے پر پوسٹرس، فولڈرس اور اسٹیکرس کی اشاعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔مہم کے موضوع سے متعلق ایک کتابچہ بھی تیار کیا گیا ہے جسے علماء کرام اور منتخب نوجوانوں تک پہنچایا جارہا ہے، جس کے ذریعے ان شاء اللہ مساجد میں خطبات جمعہ کے لئے بھی اپیل کی جائے گی یہاں مقامی سطح پر نوجوانوں سے خصوصی ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور مختلف اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ بھی بات چیت کی جائے گی اور برائیوں و فحاشیوں کی روک تھام کے لئے تعاون لیا جائے گا مہم کا اختتامی اجلاس 9فروری بروز اتوار بعد نماز عشاء تنظیم گراونڈ میں ہونا طئے پایا ہے۔ ملت کے نوجوانوں سے ہماری یہ گزارش ہے کہ یوتھ ونگ کی اس آواز پر لبیک کہتے ہوئے مہم کو کامیاب کرنے میں اپنا تعاون پیش کریں اور کثیر تعداد میں شریک ہوکر برائیوں کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں اپنا بھی حصہ ادا کریں اور عند اللہ ماجور ہوں۔اللہ سے دعا ہے کہ معاشرہ کے بگاڑ سے ملت کے نوجوانوں کو محفوظ رکھے، ان کے اندر اخلاق حسنہ کی آبیاری کرے اور انہیں سماجی برائیوں کے ازالے کے تیار کرے۔