پروفیسر راحت ابرار یونیورسٹی کی قدیم روایات کے امین: ملت بیداری

09:34AM Sun 26 Jun, 2016

اردو اکیڈمی کے ڈائرکٹر کے عہدے پر پروفیسر ابرار کا انتخاب اکادمی کے لئے فالِ نیک: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ25؍جون: ملت بیداری مہم کمیٹی( ایم بی ایم سی) علی گڑھ کے ایک خصوصی وفد نے آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اردو اکادمی کے ڈائرکٹر پروفیسر راحت ابرار سے ملاقات کرکے ان کو پھولوں کا گلدستہ اور علیشا پبلیکیشنز کے زیرِ اہتمام شائع کتب کا مکمل سیٹ پیش کرتے ہوئے اکادمی کے ڈائرکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد کے قائد کی حیثیت سے اکادمی کے ڈائرکٹر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملت بیداری مہم کمیٹی ( ایم بی ایم سی ) علی گڑھ کے سکریٹری ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ پروفیسر راحت ابرار بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں سرسید، سرسید تحریک، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسے امور پر بے پناہ دسترس حاصل ہے اور اے ایم یو کے تمام معاملات انہیں ازبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر راحت ابرار نے تقریباً تیس سال تک شعبہ رابطۂ عامّہ میں اپنی خدمات انجام دے کر عالمی سطح پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا وقار بڑھا یاہے۔ ان کی متعدد کتب اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں شائع ہوچکی ہیں جبکہ تینوں زبانوں میں ان کے سینکڑوں مضامین دنیا بھر کے معیاری رسائل و جرائد میں تواتر کے ساتھ شائع ہوتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹر جسیم نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جیسے باوقار ادارے کی اردو اکادمی کے ڈائرکٹر کے عہدے پر پروفیسر راحت ابرار کا انتخاب اکادمی کے لئے فالِ نیک ثابت ہوگا اور اے ایم یو کی اردو اکادمی ترقی کی لامحدود منازل طے کرنے کے ساتھ اپنے قیام کے اصل مقاصد تک پہنچ سکے گی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کے سابق رکن اور ممتاز سائنسداں پروفیسر ہمایوں مراد نے کہا کہ پروفیسر راحت ابرار کی تمام زندگی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لئے وقف ہے اور وہ دانش گاہِ سرسید کے ایسے فرزند ہیں جن پر تمام علیگ برادری فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر راحت ابرار کا اکادمی کے دائرکٹر کے عہدے پر انتخاب اکادمی کو نئی سمت عطا کرے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرقان سنبھلی، اویس جمال شمسی،این جمال انصاری، ذیشان احمد، عظیم الدین، شمیم الزماں اور سید عاصم علی بھی موجود تھے۔