سرسید آج بھی ہمارے درمیان زندہ ہیں: مہیش بھٹ

09:35AM Thu 30 Mar, 2017

سرسید کے119ویں یومِ وفات پر سوشل میڈیا پر خراجِ عقیدت سرسید نے تعلیمی انقلاب کے ذریعہ عوام کو خود مختار بنایا: لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ علی گڑھ30؍مارچ: مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کے119ویں یومِ وفات پر ملک کی باوقار شخصیات نے ان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سرسید کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ممتا ز فلم ساز مسٹر مہیش بھٹ نے صبح ہی ٹویٹ کیا کہ ہر شخص کی موت واقع ہوتی ہے لیکن کچھ ہی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کو جیتے ہیں۔ سرسید کو ان کے119ویں یومِ وفات پردل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت حالانکہ وہ آج بھی ہمارے درمیان زندہ ہیں۔ مسٹر مہیش بھٹ نے مزید کہا ہے کہ سرسید نے علم کی شمع روشن کی جس نے لاکھوں لوگوں کی ز ندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ( ریٹائرڈ) نے کہا کہ سرسید 19ویں صدی میں بر صغیر ہند میں اس وقت ابھر کر سامنے آئے جب ملک سیاسی تبدیلی سے گزر رہا تھا۔ انہوں نے اپنے تعلیمی انقلاب کے ذریعہ لوگوں کو خود مختار بنانے کی سمت میں کام کیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے میڈیا صلاح کار ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ سرسید کے119ویں یومِ وفات پر صرف ملک ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر لوگوں نے ان کے تعلق سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق جج( دہلی) جسٹس ایم ایس اے صدیقی نے کہا کہ سرسید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور جنہوں نے سرسید کو دیکھا ہے ان کے وارثین کو بھی اس بات پر فخر ہونا چاہئے لیکن افسوس کہ مسلمانوں میں تعلیمی انقلاب چلانے کی صلاحیت کم ہوگئی ہے جسے جِلا بخشے جانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جسیم نے بتایا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ( حیدر آباد) کے چانسلر مسٹر ظفر سریش والا نے کہا کہ 19ویں صدی کے عظیم اسلامی دانشور کو اس وقت تک خراجِ عقیدت پورا نہیں ہوسکتا جب تک ہم ان کے تعلیمی مشن کو جِلا بخش کر ملک کے پسماندہ طبقات تک علم کا نور نہ پھیلادیں۔ آپ سرسید کی عظمت کا اندازہ اس وقت تک نہیں لگا سکتے جب تک آپ خود علی گڑھ کا دورہ نہ کریں۔ کولکاتا کی ممتاز قلم کارہ، شاعرہ اور کمیونیکیشن کنسلٹنٹ محترمہ سائرہ حلیم شاہ نے کہا کہ سرسید احمد خاں صرف علی گڑھ ہی نہیں بلکہ ملک میں انگریزی تعلیم کے باوا آدم ہیں۔ انہوں نے سائنسی تعلیم کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر جسیم نے بتایا کہ معروف سائنسداں پروفیسر ہمایوں مراد نے کہا کہ سرسید احمد خاں نے اپنی پیش بینی سے ہندوستانی مسلمانوں کے اندر سماجی اور اقتصادی طور پر مثبت تبدیلی پیدا کی۔