علیشا پبلیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ نے اے ایم یو کی مولانا آزاد لائبریری کو کتب پیش کیں

02:35PM Sun 16 Oct, 2016

کتب خانے علم کے ذخائر ہوتے ہیں اور علم میں اضافہ کے لئے کتب پیش کی جانی چاہئیں : ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ16؍اکتوبر: علیشا پبلیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کے199ویں یومِ پیدائش کے موقعہ پر مولانا آزاد لائبریری کو9کتب پیش کرکے ایک مثبت مثال پیش کی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ علیشا پبلیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ کا مقصد محض پیشہ ورانہ سرگرمیاں نہیں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور وراثت سے روشناس کرانا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خاں نے ملک میں تعلیمی انقلاب برپا کرکے نہ صرف نوجوان نسل کو اقتصادی، سماجی اور عقلی سطح پر مضبوطی عطا کی بلکہ ملک کے فروغ میں بھی اہم رول ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ علیشا پبلیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ نے سرسید کی تصنیف کردہ متعدد کتب کا ہندی زبان میں ترجمہ شائع کیا ہے تاکہ ہندی داں طبقہ بھی سرسید کی حیات و خدمات سے واقفیت حاصل کرسکے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ سرسید احمد خاں کے199ویں یومِ پیدائش کے موقعہ پر علیشا پبلیکیشنز پرائیویٹ لمیٹیڈ نے اے ایم یو کی مولانا آزاد لائبریری کو9کتب پیش کی ہیں جن میں ڈاکٹر جسیم محمد کی انگریزی زبان میں تصنیف کردہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی مائینارٹی کیرکٹر، دا اے ایم یو ( جلد اول)، سرسید احمد خاں کی تصنیف کردہ اور ڈاکٹر جسیم محمد کی ترتیب کردہ آثار الصنادید، سرسید احمد خاں کی تصنیف کردہ اور ڈاکٹر جسیم محمد کی ترتیب کردہ اسباب بغاوتِ ہند( اردو)،مولانا الطاف حسین حالی کی تصنیف کردہ حیاتِ جاویدجس کاہندی ترجمہ ڈاکٹر جسیم محمد نے کیا ہے،سرسید کی تصنیف کردہ اسباب بغاوتِ ہند جس کا ہندی ترجمہ ڈاکٹر جسیم محمد نے کیا ہے، ڈاکٹر جسیم محمد کی تصنیف کردہ سرسید احمد خاں اور علی گڑھ موومینٹ( ہندی) جلد اول، ڈاکٹر جسیم محمد کی تصنیف کردہ سرسید اور ان کی خدمات( اردو) کے علاوہ دو دیگر کتب بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ کتب خانے علم کے ذخائر ہوتے ہیں جن سے ہماری نسلیں علم حاصل کرتی ہیں اس لئے نہ صرف اشاعتی اداروں بلکہ سماج کے دیگر طبقات کو وقت وقت پر کتب خانوں کو کتابیں پیش کرنی چاہئیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد کی پیش کردہ کتابیں قبول کرتے ہوئے مولانا آزاد لائبریری کے لائبریرین ڈاکٹر نبی احمد نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جسیم محمد نے لائبریری کو کتب پیش کرکے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ا س کے علاوہ سرسید کی تصنیف کردہ کتب کاہندی زبان میں ترجمہ کرکے ڈاکٹر جسیم محمد نے لازوال خدمات انجام دی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ دیگر لوگ بھی کتب پیش کریں۔