کرناٹک اسمبلی کا دس روزہ سرمائی اجلاس اختتام پذیر ، کسانوں کے مسائل پر شدید ہنگامہ آرائی

12:32PM Sat 22 Dec, 2018

بلگام میں منعقدہ کرناٹک اسمبلی کا سرمائی اجلاس اختتام پذیرہوگیا ۔ سُورنا ودھان سودھا میں منعقدہ دس روزہ اجلاس میں کسانوں کے مسائل پر خوب ہنگامہ آرائی دیکھنے کوملی۔ اجلاس کے آخری دن بی جے پی نے اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں زبردست احتجاج کیا۔ کئی گھنٹوں تک بی جےپی کا احتجاج جاری رہا۔ بی جے پی نے کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنےکے حکومت کے فیصلہ کومحض دکھاوا قرار دیا۔ بی جے پی کے لیڈروں نے کہاکہ ریاست میں کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے کا اعلان ہوئے کافی وقت گزرچکا ہے ، لیکن اب تک بینکوں نے کسانوں کے قرضوں کو معاف نہیں کیاہے۔ حکومت کے اس فیصلہ سے کسانوں کو راحت کے بجائے پریشانی ہورہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی ایچ ڈی کماراسوامی نےان الزامات کو مسترد کرتے ہوئےکہاکہ بی جے پی نے اجلاس کے قیمتی وقت کو ضائع کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ قرضوں کی معافی کے سلسلے میں اس وقت وضاحت طلب کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ قرضوں کے مسئلہ کے حل کیلئے حکومت جلد ہی بینک افسروں کے ساتھ گفتگو کرنے والی ہے۔ کماراسوامی نے کہاکہ بینک افسروں کی میٹنگ میں بی جے پی کے لیڈروں کو بھی مدعو کیاجائےگا۔ وزیراعلی کماراسوامی نے کہاکہ بی جے پی مرکزی حکومت کی کسان مخالف پالیسوں پرکیوں بحث نہیں کرتی۔ اس ہنگامہ آرائی کے درمیان حکومت نے چند بلوں کی منظوری حاصل کی۔ اسمبلی کے اسپیکر رمیش کمار نے ایوان کی کارروائی کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کیا۔