مسلمان اپنے مسائل کی لڑائی تعلیم کی شمشیر سے لڑیں: نارائن سنگھ

12:43PM Tue 26 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 26 مئ، 15 نیو دہلی / (یو این آئی) حکومتوں کا مزاج ہمیشہ سے ظالمانہ رہا ہے انہی حکومتوں نے مسلمانوں کو سیاست اور معیشت سے بے دخل کرنے کا کام کیا ہے اس لئے ان سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی،ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ سب سے بڑی نا انصافی یہ ہوئی ہے کہ انہیں جدید تعلیم سے دور کردیا گیا اور مسلمان اپنے خلاف کی جانے والی سازش کو سمجھ پانے میں ناکام رہے ۔ میرے نزدیک موجودہ دور میں ہندوستانی مسلمانوں کے مسائل کا حل تعلیم میں مضمر ہے انہیں اس جانب اپنے طور پر توجہ دینی ہوگی کوئی حکومت انہیں اس معاملے میں مدد نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار معروف صحافی شیش نارائن نے کیا وہ یہاں غالب اکیڈمی میں یونائیٹیڈ مسلم آف انڈیا کے زیر اہتمام دسویں محفوظ الرحمٰن میموریل لیکچر میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ جن کے آبا و اجداد انگریزی حکومت سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے آج انہی کی اولادوں کی طرز زندگی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جب کبھی دہشت گردی کا ذکر آتا ہے مسلمانوں کا نام فوری ور پر لینا شروع کر دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ملک گیر سطح پر اپنے وسائل کی بنیاد پر تعلیمی مہم شروع کریں ۔ اس موقع پر اگنو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر بصیر احمد ،ماہر اقبالیات پروفیسر عبدالحق صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔