دوسری بار جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ بنے ہیمنت سورین، عظیم الشان تقریب میں لیا حلف
12:19PM Sun 29 Dec, 2019
رانچی :جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) مہاگٹھ بندھن کی قیادت کرنے والے ہیمنت سورین نے آج جھارکھنڈ کے گیارہویں وزیراعلی کے طورپرعہدے کا حلف لیا۔ گورنر ددروپدی مرمونے یہاں تاریخی مورہابادی میدان میں منعقدہ عظیم الشان تقریب میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کےایگزیکٹوچیئرمین ہیمنت سورین کو وزیراعلی کےعہدے کا حلف دلایا۔ 44 سالہ ہیمنت سورین دوسری مرتبہ ریاست کے وزیراعلی بنےہیں۔
اس موقع پر ہیمنت سورین کے والد شیبو سورین اوران کی ماں روپی سورین کسکوکے ساتھ ہی کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی کےعلاوہ راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت، مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی، چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل اوربہار کے سابق نائب وزیراعلی اورراشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) لیڈرتیجسوی یادوموجود تھے۔
دوسری جانب جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلی رگھوورداس، بابولال مرانڈی اورمدھوکوڑا، سابق مرکزی وزیرشرد یادو، آرجےڈی لیڈرجے پرکاش نارائن یادو، آسام کے سابق وزیراعلی ترون گوگوئی، بہارکے سابق وزیراعلی جیتن رام مانجھی، مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) کے لیڈرسیتا رام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے جنرل سکریٹری ڈی راجا، کانگریس لیڈرملکارجن کھڑکے، تمل ناڈو سے راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ کنی موجھی، دراوڑمنیترکژگم (ڈی ایم کے) کے صدرایم کےاسٹالن اورعام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ بھی موجود تھے۔