انا بھاگیہ اسکیم کے تحت دئے جانے والے چاول میں دو کلو اضافہ زیر غور بی پی ایل کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کی میعاد میں توسیع ہوگی: ضمیر احمدخان
02:21PM Wed 20 Jun, 2018
بنگلور:20 جون۔(سالار)ریاستی وزیر برائے غذا وشہری رسدات، اوقاف، اقلیتی امورو حج بی زیڈ ضمیر احمد خان نے کہا کہ انا بھاگیہ اسکیم کے تحت ہر ایک فرد کو دئے جانے والے چاول میں مزید دو کلو اضافہ کی تجویز حکومت کے سامنے ہے۔ بہت جلد اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔وکاس سودھا کے اپنے دفتر میں محکمہ غذا و شہری رسدات کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ اجلاس کرنے کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتا یا کہ بازار میں 19روپئے میں دستیا ب راگی کو 27.45روپئے میں خریداری کے معاملہ کی جانچ کی جائے گی اور افزود رقم پر خریدے جانے پر روک لگائی جائے گی۔انہوں نے بتا یا کہ بی پی یل کارڈوں میں ناموں کے اندراج کروانے کے لئے آدھار کارڈلنک کروانا ضروری قرار دیا گیا تھا۔اس سے ہونے والے مشکلات و مسائل انہیں موصول ہوئے ہیں اسی ضمن میں فوری طورپر کارروائی کرتے ہوئے مسائل کو حل کرلیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ بی پی یل کارڈکے لئے آدھار لنک کرنے کی میعاد میں توسیع کرنے کے متعلق افسران نے بات سامنے رکھی ہے۔ اس بات کو سنجیدگی سے لے کر اس میں توسیع کے لئے درکار اقدامات کئے جائیں گے۔ ضمیر احمد خان نے بتا یا کہ ریاست بھر میں 47لاکھ بی پی ایل کارڈز کی تقسیم باقی ہے۔ اس سلسلہ میں ا نہوں نے افسران سے تفصیلات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی کینرا اضلاع میں انا بھا گیہ اسکیم کے تحت فی یونٹ 5کلو چاول کے ساتھ دو کلو راگی تقسیم کی جارہی ہے۔ راگی کسانوں سے راست طورپر خریدی جاررہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ با زار میں فی کلو راگی 19روپئے میں دستیا ب ہے لیکن حکومت 27.45روپیوں میں خریدر ہی ہے۔اس بات کو سنجیدگی سے لے کر بازار کی قیمت پر ہی راگی خریدنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انہیں وزارت ملنے پر پارٹی کے چند مسلم لیڈران میں نا ارضگی اور سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی تنویر سیٹھ کی جانب سے راست ان پر الزام تراشی پر کہا کہ راہل گاندھی اور ان میں کوئی رشتہ داری نہیں ہے۔ ان کی کارکردگی او ر قابلیت کو دیکھ کر ہی ریاستی کابینہ میں انہیں موقع دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنویر سیٹھ اپنے حلقہ چھوڑ کر بارہر نہیں گئے ہیں۔ اور خودان کے پیدائشی مقام ہنسور تک رسائی نہیں ہے۔ تنویر سیٹھ نے ان پر الزام لگا یا ہے کہ انہوں نے انتخابات کے موقع پر ان کے خلاف انتخابی مہم چلائی ہے۔ تنویر سیٹھ کی اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ضمیر احمد نے تنویر سیٹھ سے چیلنج کیا کہ وہ میسور کے این آر محلے میں آئیں اور وہ بھی وہیں پہنچیں گے۔ تب پتہ چلے گا کہ کس کے طرفدار اور حمایتی زیادہ ہیں۔