قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا حق اکھلیش کو

03:34PM Wed 29 Mar, 2017

لکھنؤ ۔ (بھٹکلیس نیوز) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے اسمبلی اور قانون ساز کونسل ممبران کی آج ہوئی میٹنگ میں پارٹی صدر اکھلیش یادو کو قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا حق دیا گیا ہے ۔ ایس پی ذرائع نے یہاں بتایا کہ پارٹی صدر اکھلیش یادو نے نو منتخب ممبران اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان کی میٹنگ طلب کی تھی۔ میٹنگ میں تمام اراکین نے شرکت کی۔ ارکان نے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کا حق مسٹر یادو کو دیا۔ انہوں بتایا کہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی آئندہ 15 اپریل سے ممبر شپ کی مہم شروع کریگی۔اس کے لیے پارٹی لیڈر گاؤں گاؤں جاکر لوگوں کو ایس پی کا رکن بنائیں گے ۔ پارٹی نے اسمبلی انتخابات 'کام بولتا ہے ' نعرے کے ساتھ لڑا تھا جو موثر ثابت نہیں ہوا۔ سماجوادی پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں زبر دست شکست کا جائزہ لیا اور اب نئی حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے میں مصروف ہو گئی ہے ۔ ایس پی کی یوتھ ٹیم نے نعرہ تبدیل کر دیا ہے ، نیا نعرہ '' آپ کی سائیکل سدا چلے گی آپ کے نام سے ، پھر پردیش کا دل جیتیں گے ہم مل کر اپنے کام سے '' ہوگا۔ ٹیم اکھلیش کی نظر اب سال 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات پر ہے ۔ پارٹی نے گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا سیٹ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسمبلی میں دوسری بڑی پارٹی ہونے کی وجہ سے ایس پی کا اپوزیشن لیڈر ہوگا۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو نے رام گووند چودھری کو سترہویں اسمبلی کیلئے اپوزیشن لیڈر مقرر کیا ہے ۔