علم کے بے شمار ذرائع نے اساتذہ کے لیے ایک نیاچیلنج پیدا کردیا ہے ۔پروفیسر محمد مزمل
02:35PM Tue 11 Jul, 2017
یوجی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے زیر اہتمام مانو لکھنؤ کیمپس میں ٹریننگ پروگرام اختتام پذیر
لکھنؤ ۱۱،جولائی
’’میں اس جذبے کو سلام کرتا ہوں جو اساتذہ کو جوش اور جذبے سے سرشار کردے ۔اطلاعاتی ٹکنالوجی اور پرنٹنگ کے اس زمانے میں جہاں علم کے بے شمار ذرائع ہوگئے ہوں وہیں اساتذہ کے لیے چیلنجز پہلے سے بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں ۔ان سے عہدہ برآہونے کے لیے اسی تیاری اور جذبے کی ضرورت ہے جو میں یہاں دیکھ رہا ہوں‘‘ ۔ان خیالات کااظہار بی آر امبیڈکر یونی ورسٹی (آگرہ) کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد مزمل نے یہاں مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس میں’’ سینٹر فار اکیڈمک لیڈر شپ اور ایجوکیشن مینجمنٹ ((CALEM کے عنوان سے یوجی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے زیر اہتمام ہفت روزہ (۵تا ۱۱جولائی )ٹریننگ پروگرام کے اختتامی اجلاس میں کیا ۔اس موقع پر کیمپس انچارج ڈاکٹر عبدالقدوس اور پروفیسر محمد مزمل نے کورس کے تمام تمام شرکاء کوسرٹیفکٹ سے نوازا۔اختتامی اجلاس کی نظامت ڈاکٹر عمیر منظر نے کی ۔
ابتدا میں کیمپس انچارج ڈاکٹر عبدالقدوس نے خیرمقدمی کلمات پیش کیے ۔انھوں نے اس موقع پر ہفت روزہ پروگرام کی ایک جامع رپورٹ پیش کی ۔انھوں نے کہا کہ یہ کورس ہمارے لیے اس لیے اہم ہے کہ اس سے ہمیں اپنے جائزے اور احتساب کا موقع ملتاہے اور ساتھ یہ کہ کلاس روم میں طلبہ سے کس طرح کے روابط رکھے جائیں کہ ایک خوش گوار تعلیمی ماحول بن سکے ۔اس موقع پر ٹریننگ پروگرام میں شریک ڈاکٹر شاذیہ صدیقی (ممتاز پی جی کالج)،ڈاکٹر صباحت شمیم(ناری شکچھانکیتن)،ڈاکٹر عبدالرحیم(ممتاز پی جی کالج) ،ڈاکٹر محمد طارق(لکھنو یونی ورسٹی)،ڈاکٹر اسری صدیقی(کرامت حسین مسلم گرلز پی جی کالج) ،ڈاکٹر عبیدالرحمن(لکھنو یونی ورسٹی) نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
اختتامی اجلاس میں پروفیسر مزمل نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ انسانی زندگی کا ایک اہم مقصد علم حاصل کرنا ہے ۔تعلیم کا مطلب پیسہ کمانا ہر گز نہیں ۔انھوں نے کہا کہ علم و دانش کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو ہی دنیا یاد کرتی ہے اور وہی اس کا اعزاز ہے ۔پروفیسر محمد مزمل نے کہا کہ ایک استاد علم حاصل کرتا ہے پھر اس میں اضافہ کرتا ہے اور اس کے بعد اگلی نسلوں کے لیے اس کو منتقل کرتا ہے ۔ملک کی فکری تعمیر میں اس کا کلیدی رول ہوتا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ گزشتہ صدیوں میں ترقی کا مطلب چاہے جو بھی رہا ہو مگر اس ز مانے میں ترقی کا مطلب علم اور تعلیم کی ترقی ہے اور اسی کا اس زمانے میں دور دورہ ہے ۔
ٹریننگ پروگرام کا افتتاح ۵،جولائی کو ہوا تھا ۔افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر فائزہ عباسی نے پروگرام کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی ۔افتتاح پروفیسر محمد مزمل صاحب نے فرمایا تھا ۔ہفت روزہ ٹریننگ پروگرام میں پروفیسر محمد مزمل،ڈاکٹر فائزہ عباسی،جناب محمد ناصر ،پروفیسر پرویز طالب،ڈاکٹر جابر علی،جناب اعجاز فاروقی نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے۔ڈ اکٹر شاہ محمد فائز،ڈاکٹر نکہت فاطمہ،ڈاکٹر سرفراز احمد،ڈاکٹر ہما یعقوب،ڈاکٹر عشرت ناہیداور ڈاکٹر ثمامہ فیصل نے ٹریننگ پروگرام کے دوران مہمان مقررین کا تعارف پیش کیا ۔