اراکین اسمبلی کی سدارامیا سے ملاقات سیاسی رنگ نہ دینے پرمیشور کی اپیل

03:34PM Sat 15 Dec, 2018

بیلگاوی ۔14دسمبر( سالارنیوز) نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کانگریس لیجس لیچرس پارٹی ( سی ایل پی) کے قائد ہیں ۔ ہماری پارٹی کے اراکین اسمبلی ان سے ملاقات کرتے ہوئے تبادلہ خیال کرتے ہیں، اس ملاقات کو خصوصی معنی ومفہوم دینا غیر ضروری ہے۔ بروز جمعہ سورنا سودھا میں نامہ نگاروں سے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کوئی الجھن یا اختلاف رائے نہیں ہے۔ سب درست ہے ،وزارت کے امیدواروں کا سدارامیا سے ملاقات کرناریسارٹ کو جانا کوئی عیب کی بات نہیں ہے ۔18دسمبر کو سی ایل پی اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی اس اجلاس میں مدعو کئے گئے ہیں۔ اراکین اسمبلی راست طور پر وزیر اعلیٰ کے روبرو اپنے مسائل پیش کریں گے ۔ اس اجلاس میں بات چیت کے ذریعہ تمام مسائل حل کرلئے جائیں گے ۔ کابینہ میں توسیع نہ کئے جانے کی بات سچائی سے دور ہے۔ کابینہ میں توسیع صد فی صد ہوگی ۔ راجستھان ، مدھیہ پردیش اورچھتیس گڑھ میں نئی حکومت کی تشکیل کی کارروائی چل رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے اے آئی سی سی کے صدر راہل گاندھی سے ملاقات کرنے کیلئے ہم نے اجازت طلب کی ہے ۔ اسمبلی کا سرمائی سیشن ختم ہونے کے بعد 21دسمبر کی رات ہم نئی دہلی جائیں گے ۔ جہاں کابینہ کی توسیع ، بورڈ کارپوریشنوں کے صدور ونائب صدور کے انتخابات کے سلسلہ میں ہائی کمان سے بات چیت کی جائے گی۔