ریاض شہر میں اتر پردیش اوور سیز ویلفیر ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ ومجلس عاملہ ومشاورتی کمیٹی کی تشکیل
03:50PM Sun 17 Jan, 2016
ریاض (پریس ریلیز) سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں اتر پردیش اوور سیز ویلفیر ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ ومجلس عاملہ ومشاورتی کمیٹی کی تشکیل ۱۵ جنوری بروز جمعہ عمل میں آئی جس میں مولانا عبد الرحمن عمری صدر، ڈاکٹر عبدالاحد چودھری نائب صدر ، نور القمر خان جنرل سکریٹری، محمد اکمل جوائنٹ سکریٹری اور حافظ زہیر احمد کو خازن کی ذمہ داریاں دی گئیں۔ اس موقع پر دس رکنی مجلس عاملہ (ایاز احمد، عبدالاول، عبدالسبحان، ریاض احمد، عبدالفتاح، ارشاد احمد، شہباز انور خان، مولانا پرویز عالم، محمد یعقوب او رابوشحمہ )کابھی اعلان کیا گیا۔ اترپردیش کے ضلع سدھارتھ نگر ، بلرام پور، بستی اور دیگر مضافاتی علاقوں کے لوگوں نے کافی تعداد میں شرکت کی۔
سابق صدر ڈاکٹر عبدالمنان اور شیخ منصور مدنی کی سرپرستی میں دینی معلوماتی کمیٹی، اسد علاء الدین کی سرپرستی میں بزم ادب کمیٹی، ڈاکٹر عبدالرحیم کی سرپرستی میں تعلیمی کمیٹی اور عبد الرب کی سرپرستی میں ہیلپ ڈیسک کمیٹی اور مسعود عالم خان کی سرپرستی میں مالی کمیٹی کی تشکیل دی گئی۔ ایسوسی ایشن کے لئے مسعود عالم خان، وصی اللہ ندوی، محمد عرفان خان، عبد المبین ندوی، عبدالمتین ندوی اور کمال احمد کی خدمات کو سراہا گیا۔
پروگرام کا آغام حافظ زہیر احمد کی تلاوت قرآن اور ریاض احمد کی حمد پاک سے ہوا۔ ایسوسی ایشن کے صدر مولانا عبد الرحمن عمری نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی مختصر تاریخ بیان فرمائی۔ موصوف نے ایسوسی ایشن کے بانی رکن عبد الغنی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری نور القمر خان نے ایسوسی ایشن کے لائحہ عمل کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایسوسی ایشن غیر سیاسی وغیر مذہبی یعنی صرف رفاہی اور سماجی تنظیم ہے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جوائنٹ سکریٹری محمداکمل نے بحسن خوبی انجام دئے۔ صدر جلسہ ارشاد احمد خان نے اپنے مختصر خطاب میں تنظیم کے افراد کو مبارک باد پیش کی اور ایسوسی ایشن کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر عبد الاحد چودھری نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔