اے ایم یوکے اقلیتی کردار پرڈاکٹر جسیم محمد نے ممتاز ماہرِ قانون پروفیسر فیضان مصطفےٰ سے ملاقات کی

12:23PM Wed 13 Jul, 2016

وزیرِ اعظم نریندر مودی کے عہد’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ پرہندوستانی مسلمانوں کو کامل اعتماد :ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ13؍جولائی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار اور نلسار یونیورسٹی کے وائس چانسلر وممتاز ماہر قانون پروفیسر فیضان مصطفےٰ کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آمد پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار پر تصنیف کردہ کتاب ’’ دا اے ایم یو‘‘ کے مصنف ڈاکٹر جسیم محمد نے ان سے اے ایم یو کے گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کرکے اپنی کتاب’’ دا اے ایم یو ‘‘ کی ایک کاپی پیش کی۔ دورانِ گفتگو پروفیسر فیضان مصطفےٰ نے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کو لوگ براہِ راست مسلمانوں سے جوڑتے ہیں جبکہ یہاں پچاس فیصد انٹرنل اور پچاس فیصد باہری طلبأ و طالبات کے ریزرویشن کا معاملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اے ایم یو انتظامیہ پوری ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کا کیس سپریم کورٹ میں لڑ رہی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مستقبل کا لائحۂ عمل طے کرنے کے لئے وہ یونیورسٹی برادری، بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر سبھی جماعتوں کے اراکینِ پارلیامنٹ اور ہر جماعت کے چیف سے ملاقات کریں گے کیونکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی لڑائی ملک بھر اور غیر ممالک میں مقیم علیگ بھائیوں اور مسلمانوں کے لئے حد درجہ اہمیت کی حامل ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہاکہ جس طرح علی گڑھ سے پارلیامنٹ کے رکن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں وہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات نزدیک ہیں جس کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے ایسا قدم اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر جسیم نے کہا کہ وہ قابلِ احترام مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل سے ملاقات کرکے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مسئلہ پر گفت و شنید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کے عہد’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ پر ہندوستانی مسلمانوں کو کامل اعتماد ہے۔