مظفر نگر: اتکل ایکسپریس کے چھ ڈبے پٹری سے اترے، کئی زخمی

02:00PM Sat 19 Aug, 2017

مظفر نگر۔ اترپردیش کے مظفر نگر کے کھتولی میں کلنگ اتکل ایکسپریس کے چھ ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔ جائے حادثہ پر پٹری ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، 20 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ حادثہ کے بعد ڈبے ایک دوسرے پر چڑھ گئے ہیں۔ راحت اور بچاو کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامی افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ ٹرین پوری سے ہری دوار جا رہی تھی۔ حادثہ کے بعد سہارنپور اور مظفر نگر سے افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ اندھیرا ہونے کے مدنظر راحت اور بچاو کے کاموں میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ میرٹھ اور مظفر نگر سے سبھی ایمبولینس حادثہ والی جگہ کے لئے روانہ کر دی گئی ہیں۔ اترپردیش اے ٹی ایس کی ٹیم بھی موقع پر جا رہی ہے۔
 وزارت ریل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حادثہ کے بارے میں معلومات جٹائی جا رہی ہیں۔