اسرائیل کی طرف سے غزہ پر فضائی حملے

02:08PM Tue 11 Feb, 2014

بھٹکلیس نیوز / 11 فروری، 14 غزہ/ (ایجنسی) اسرائیل نے حماس کے زیر انتظام غزہ پر ایک مرتبہ پھر فضائی حملے کر کے غزہ کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بمباری کا ہدف حماس کے عزالدین القسام بریگیڈ کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنانے کیلیے کی گئی ہے۔دوسرا حملہ غزہ کے شمالی حصے میں بیت الاہیا کے علاقے میں کیا گیا ہے، تاہم دونوں حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس سے پہلے اتوار کے روز ایک اسرائیلی حملے کے دوران ایک فلسطینی شہری شدید زخمی ہو گیا تھا۔ اسرائیل نے زخمی ہونے والے فلسطینی کو اسرائیل پر راکٹ حملوں کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ تقریبا ایک سال کے امن و امان کے بعد حماس کے زیر انتظام علاقے پر اسرائیل نے دوبارہ بمباری شروع کر دی ہے۔ اسرائیل ان حملوں کی وجہ اپنے اوپر ہونے والے مبینہ راکٹ حملے بتاتا ہے۔ سال 2014 کے آغاز سے اب تک 33 راکٹ حملے اسرائیل پر ہو چکے ہیں۔ اسی طرح اسرائیلی کارراوائیوں میں بھی پچھلے کئی ہفتوں سے تیزی آ گئی ہے۔ حماس غزہ کی منتخب حکمران جماعت ہے اور اسرائیل کے ساتھ سمجھوتے کے خلاف رجحان رکھتی ہے۔