ہندوستان کو نئی حکومت اور نئے وزیر اعظم کی ضرورت: اکھلیش یادو

04:17PM Tue 26 Feb, 2019

لکھنؤ: بی جے پی حکومت پر ملک کو مختلف مسائل میں الجھانے کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی ) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے لئے ملک کو نئی حکومت اور نئے وزیر اعظم کی ضرورت ہے۔ مسٹر یادو نے پیر کو یہاں صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں عوام کو مسائل میں الجھانے کا ہی کام کیا جارہا ہے۔ شمال مشرقی ہندوستا ن سے لیکر کشمیر تک مسائل ہی مسائل ہیں۔ کسان پریشان ہیں۔ بیماری، عدم تغذیہ، بھوک سے لوگ بے حال ہیں۔ بدعنوانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ نظم ونسق تباہ ہے۔ کسان ، نوجوان، تاجر، غریب سبھی لوک سبھا انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں، سب کی خواہش ہے کہ ملک کو نئی حکومت اور نیا وزیر اعظم ملے۔ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے ملک کو بہت پیچھے کر دیا ہے۔ عوام اب انتخابات کے تاریخوں کا انتظار کررہے ہیں۔ موقع ملتے ہی ووٹر بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ کریں گے۔ وزیر اعظم کسان سمان ندھی اسکیم پر سوال اٹھاتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ کسان تبھی خوشحال ہوگا جب سو فیصد قرض معاف کیا جائے گا۔ جب سرمایہ کاروں کا قرض معاف ہوسکتا ہے تو کسانوں کا پورا قرض کیوں نہیں معاف کیا جاسکتا ہے۔ کسان کو کم سے کم سہارا قیمت بھی نہیں مل رہی ہے۔ 14 دنوں میں ادائیگی کے وعدے کے باوجود گنا کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ کسان کے سامنے سوال ہے کہ اسے کم از کم سہارا قیمت کون دے گا وہ کہاں اور کیسے ملے گا۔ سرسو کسانوں کی کھیتوں میں لہلہا رہی ہے لیکن بی جے پی حکومت نے بیرون ملک سے تیل درآمد کیا ہے۔ سودیسی کا نعرہ دینے والے جب بیرون ملک سے اشیاء کے درآمد کریں گے تو کسان کو فصل پر خرچ ہونے والی قیمت بھی نہیں ملے گی۔ کسان کو ہر فصل میں دھوکہ ملا ہے۔ کھاد کی بوری میں جو پانچ کلو کمی کی تھی اسی کا پیسہ لوٹانے کا ناٹک ہورہا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے کمبھ میں اسنان پر چٹکی لیتے ہوئے مسٹریادو نے کہا’’ کمبھ اسنان کے بعد عطیہ کرنے کی روایت ہے۔ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت الہ آباد کا قلع ’’دان‘‘ کر دے تاکہ سنگم کے کنارے مذہبی، ثقافتی پروگرام ہوسکیں لیکن حکومت کا دل چھوٹا ہے اس نے ہمارے مطالبے کو قبول نہیں کیا ۔‘‘ اکھلیش یادو نے کہا کہ بیت الخلاء کی تعمیر کرا کر صفائی کے دعوی کا سچ یہ ہے کہ بی جے پی حکومت کے وقت تعمیر ہونے والے بیت الخلاء میں پانی تک نہیں ہے۔ اناؤ سے کانپور کے سفر کے دوران انہیں کئی جگہ جانوروں کے جھنڈ اور پالیتھین و کچڑے کے ڈھیر دکھائی دئے۔سماج وادیوں کا ماننا ہے کہ جب لوگ خواندہ اور خوش ہوں گے تو خود بیت الخلاء تعمیر کروائیں گے اور اس کا استعمال کرتے ہوئے صفائی کا خاص خیال رکھیں گے۔