یل بی یس کالج میں طلبا سے افتخار احمد شریف کا بامقصد خطاب

05:14PM Sat 15 Apr, 2017

روشن مستقبل کیلئے امتیازی کامیابی ضروری بنگلور(بھٹکلیس نیوز) لال بہادر شاستری گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج آر ٹی نگر بنگلور میں بروز جمعرات 12؍ اپریل 2017 توسیعی لکچر زیر صدارت پروفیسر محمد منظور نعمان انچارج پرنسپل منعقد ہوا۔ مہمانِ خصوصی کے. افتخار احمد شریف صاحب مدیر روزنامہ سالار نے اس موقع پر طلباء و اساتذہ سے پُراثر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں امتیازی کامیابی خود کے مستقبل کو سنوارنے نکھارنے بنانے کیلئے ضروری ہے۔ آج ہی سے طلبا اگر پڑھائی پر دھیان دیں تو اول درجہ میں کامیابی یقینی ہے۔ ماں باپ بچوں کی فیس اور پڑھائی کے لئے جو جدوجہد کرتے ہیں اس کے لئے ضروری ہے کہ ہر طالب علم امتیازی کامیابی حاصل کرکے ان کے چین و سکون کا باعث بنیں۔ ان کی حسرت اور آرزو کی تکمیل کی صورت بنیں۔ طلباء میں ذوق و شوق پیدا کرنے اور پڑھائی پر دھیان دینے کے لئے افتخار صاحب نے کئی واقعات کے ذریعہ رہنمائی کی۔ جہاں حوصلہ ، ہمت مستقل مزاجی ہو وہاں راہیں ہموار ہوتی ہیں۔ آپ نے مزید کہا کہ فون کا غیر ضروری استعمال پڑھائی میں خلل پیدا کرتا ہے۔ وقت کو ضائع کئے بغیر امتحانات کی تیاری کریں۔ پروفیسر سروری صدیقہ صاحبہ صدر شعب�ۂ اردو نے مہمانِ خصوصی و اسٹیج پر موجود دیگر احباب کا تعارف و استقبال کیا۔ محمد سمیع بی کام سالِ اول نے قرأت ، نجمہ انصاری بی اے سال دوم نے نعت، مسکان بی بی ایم سال اول نے نظم اردو پڑھی۔ رابعہ قلندر بی اے سال اول نے نصاب اور اخلاق کے موضوع پر تقریر کی۔ رضیہ سلطانہ بی کام فائنل ایئر اور جمیل بانو بی بی اے سال دوم نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ اسٹیج پر ڈاکٹر پی وملا، شعب�ۂ ہندی، پروفیسر سرینواس مورتی کنوینر آرٹس فورم بھی موجود تھے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد منظور نعمان نے کہا کہ باتوں سے زیادہ کام پر دھیان دیں، وقت نکل جائے پر کف افسوس ملنا دانشمندانہ اقدام نہیں۔ رابعہ قلندر کے شکریہ پر محفل کا اختتام ہوگا۔