بچے رہنے کے باوجود مسلمان ماں لاوارث؛سڑکوں پر بھیک مانگنے کے لئے ہوئی مجبور
12:44PM Tue 3 Jan, 2017
بھٹکلیس نیوز / 3 جنوری،2017
سلیا / (خصوصی رپورٹ) بال بچے، خاندان اور جائیداد ہونے کے باوجود سڑک پر بھیک مانگنے پر مجبور ایک مسلمان بوڑھی عورت کو عوام نے اسپتال پہنچایا ہے۔ اپنی عمر کی 90/بہاریں دیکھ چکی اس خاتون کے پاس ملے پاسپورٹ میں اس کا پتہ سلیا تعلقہ کے مکا لکھاگیا ہے۔تاہم دوسری تفصیلات کچھ صفائی سے نظر نہیں آرہی ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ یہ خاتون چند ماہ قبل مڈکیری بس اسٹائنڈ پر بھیک مانگتے ہوئے نظر آرہی تھی۔ عوام کی زبانی یہ بھی سننے کو ملا ہے کہ اس کو دس سال قبل اپنے گھر سے بے گھر کیا گیا تھا ۔مکور میں اس کی لاکھوں کی جائیداد اور بچے ہیں لیکن اس کا کو ئی پرسان حال نہیں ہے۔ ذرائع نے یہ بھی خبر دی ہے کہ یہ خاتون 2012 میں حج کا فریضہ بھی انجام دے چکی ہیں۔ چھان بین سے معلوم ہوا ہے کہ اس کے شوہر کے بعد اس کی اولاد نے جائیداد پر قبضہ جما لیا تھااور اس کو گھر سے بے گھر کردیا تھا۔تاہم اب پتہ چلا ہے کہ اس کی جائیداد کو فروخت کر کے اس کے بچے کہیں دور چلے گئے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق اس ضعیفہ کو چند ہفتوں قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ تھوڑی سی ٹھیک ہونے کے بعد ڈسچارج ہوگئی تھی پھر راستہ پر کنارے ٹھنڈی میں پڑے رہنے سے اس کی طبیعت اور بگڑنے لگی جس کی وجہ سے اس کو دوبار ہ اسپتال میں بھرتی کیا گیا ۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اولاد کی لاکھ شیطانیت کے باوجود بوڑھی ماں اب بھی اپنی اولاد کو دیکھنے کے لئے ترس رہی ہے اس کا کہنا ہے کہ "مجھے معلوم ہے کہ میری آخری گھڑی آچکی ہے لیکن میں ایک بار اپنی اولاد کو نظر بھر کر دیکھا چاہتی ہوں"۔
اس بناء پر مقامی لوگوں نے اپیل کی ہے کہ اگر ان کی اولاد کہیں بھی ہو اور اس خبر کو پڑھ رہی ہو تو سلیا کے اسپتال میں جاکر اپنی ماں کو ضرور دیکھیں تاکہ وہ آخری وقت خوشی کے ساتھ دنیا سے رخصت ہو۔