عوام کی جانب سے منتخب نمائندوں کو آخری شہری تک ان کے بنیاد ی شہری حقوق کو پہنچانا چاہئے ۔ اے سعید

03:07PM Tue 23 May, 2017

بنگلورو ( بھٹکلیس نیوز) ۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر اے سعید نے بنگلور پہنچ کر سدا پوراہ وارڈ نمبر 144کا دو رہ کیا اور ایس ڈی پی آئی کارپوریٹر مجاہد پاشاہ کی کارکرد گیوں کا جائزہ لیا اور عوام سے ملاقات کرکے وارڈ کی ترقیاتی کاموں کے تعلق سے معلومات اور ان سے تاثرات حاصل کیں۔ قبل ازیں قومی صدر اے سعید کا شہر بنگلور اور سداپورہ وارڈ کے پارٹی کارکنان اور عوام نے والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سداپورہ وارڈ میں ایک عوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سدا پورہ وارڈ کے کارپوریٹر مجاہد پاشاہ، پادرائن پورہ وارڈ کی سابق کارپوریٹر اور ایس ڈی پی آئی کی قومی نائب صدر پروفیسر نازنین بیگم، ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع ، ریاستی صدر عبدالحنان، ریاستی سکریٹری اکرم حسن، ریاستی خازن شیخ سراج، بنگلور ضلعی صدر فیاض احمد، وارڈ کمیٹی کے ذمہ داران سیدمدثر اور اجمل خان موجود رہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی قومی صدر اے سعید نے کہا کہ عوام کی جانب سے منتخب کئے جانے والے نمائندے گرام پنچایت سطح سے لیکر پنچایت، بلدیہ ،اسمبلی اور پارلیمان کیوں نہ ہوں ان سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بنائی جانے والی منصوبوں اور اسکیموں کو ملک کے آخری شہری تک پہنچانا چاہئے ۔بلدیہ کے منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔ ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ان تمام منتخب نمائندوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ جس سے ملک کے عوام ان منتخب نمائندوں کے توسط سے اپنی بنیادی ضرورتوں اور شہری حقوق کوبا آسانی حاصل کرپاتے ہیں۔ایس ڈی پی آئی قومی صدر اے سعید نے مزید کہا کہ اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے اور یہ ایک کڑوی حقیقت بھی ہے کہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندے انتخابات میں عوام کا ووٹ حاصل کرکے منتخب ہونے کے بعد عوام کی طرف سے منہ موڑ لیتے ہیں اور صرف اپنی پارٹی اور خاندان کی نمائندگی کرنے میں لگ جاتے ہیں اور حکومت کے منصوبوں کو صرف اپنے پارٹی یا اپنے خاندان کے لوگوں تک ہی پہنچاتے ہیں۔ لیکن ایس ڈی پی آئی کے منتخب نمائندے چاہے وہ پنچایت ممبر ہو یا کارپوریٹر ہو ان کو پارٹی بنیادی طور پر ہی اس کی تربیت دیتی ہے اور انہیں ان اصولوں پر چلنے کی ہدایات کے علاوہ ان کی کارکردگی کا وقتا فوقتا جائزہ بھی لیا جاتا ہے اور انہیں پارٹی کی ایک کمیٹی کے سامنے اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کرنی ہوتی ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے کارکنان اور منتخب نمائندوں اور ایس ڈی پی آئی کے لیڈران، کارکنان اور ممبران میں میں شخصیت پرستی نہیں ہوتی ہے۔ وہ خدمت خلق کے جذبے سے بلا تفریق مذہب ملت اپنے خدمات انجام دیتے ہیں۔ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والے ہی ایس ڈی پی آئی میں شمولیت اختیا رکرتے ہیں اور عوام کو ان کے حقوق دلاتے ہیں۔ جس کے مثال کے طور سدا پورہ وارڈ نمبر 144 کے کارپوریٹر مجاہد پاشاہ آپکے درمیان مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ملک بھر میں جتنے بھی ایس ڈی پی آئی کے نمائندوں کو عوام نے منتخب کیا ہے ان تمام کی کارکردگی بھی اسی طرح کی ہے۔ ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سداپورہ وارڈ کے کارپوریٹر، سدا پورہ وارڈ کے عوام اور پارٹی کے کارکنان کے مشترکہ کوششوں سے وارڈ کی ترقی ہوئی ہے ، اسی طرح مستقبل میں بھی وارڈ کی ترقی کے لیے کارپوریٹر مجاہد پاشاہ اپنے بہترین خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے شہربنگلور کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سدا پوراہ وارڈ کے عوام سے ایس ڈی پی آئی کے کارپوریٹر کے کارکردگیوں کے تعلق سے جانکاری حاصل کریں یا خود ان کی کارکردگیوں کا مشاہدہ کرکے مستقبل آئند میں اپنے وارڈوں ، اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں میں کس طرح کے نمائندے اور کس پارٹی کے نمائندوں کو منتخب کرنا ہے اس کا وہ خود فیصلہ کرسکتے ہیں۔ پارٹی کے تمام لیڈران اور عوا م نے ایس ڈی پی آئی کارپوریٹر مجاہد پاشاہ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ۔کارپوریٹر مجاہد پاشاہ نے پارٹی لیڈران اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وارڈ کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ کی طرح وارڈ کی ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے اور عوام نے جس کام کے لیے انہیں منتخب کیا ہے اس کو صد فیصد مکمل کرنے کی لگاتار کوشش کریں گے۔