بھٹکل میں بہت جلد مل سکتی ہے لاک ڈاؤن میں چھوٹ؛ اے ایس پی نے دیا اشارہ
12:18PM Mon 25 May, 2020
بھٹکل: 25 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں اگلے دنوں میں لاک ڈاؤن میں چھوٹ دینے کے سلسلہ میں ایک اہم نشست آج صبح منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر،بھٹکل ڈی ایس پی، اے ایس پی اور دیگر افسران نے شرکت کرتے ہوئے اس تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔
نشست کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایس پی مسٹر نکھل بلاور نے کہا کہ اب تک بھٹکل کے عوام نے تعلقہ انتظامیہ کا بھر پور تعاون کیا ہے جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ ہی دنوں میں بھٹکل میں موجودہ لاک ڈاؤن میں چھوٹ دی جاسکتی ہے جس کے لیے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جارہا ہے۔
موصوف اے ایس پی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بعد ہی تمام تر تفصیلات سامنے آئیں گی اور اسی وقت معلوم ہوگا کہ کن کن چیزوں کو چھوٹ دی گئی ہے اور کن اوقات میں چھوٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ تو متعین نہیں کیا کہ اس کے لیے کتنے دن انتظار کرنا ہوگا لیکن انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ بہت جلد یہ کارروائی انجام دی جائے گی۔
اے ایس پی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ عوام کو اب اس بیماری کے ساتھ جینا سیکھنا چاہئے اور تمام تر بیداری کے ساتھ جینا چاہئے۔