مسلم فورم نے وزیراعظم نریندر مودی کے سات نکاتی فارمولے کا استقبال کیا

12:43PM Wed 15 Jun, 2016

وزیر اعظم نریندرمودی کے سات منتر ملک و سماج کے لیے انتہائی اہم: مسلم فورم علی گڑھ15 جون2016: فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ انالیسس (ایف۔ایم۔ایس۔اے) نے الہ آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا رکنان کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندرمودی کے سات نکاتی فارمولے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ملک کی ترقی کے لیے بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی بہت اہم ہے اور سبھی طبقو ں کو اسے اپنا نا چاہئے۔ الہ آباد میں بھاجپا قومی منتظمہ کمیٹی کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریند رمودی نے ملک کے معاشی اور سماجی ترقی کے لیے سات فارمولے سمجھائے ہیں جن میں سیوا کرنے کا جذبہ، توازن، صبر وضبط، کورڈینیشن اور رابطہ جیسے نکات شامل ہیں۔ یہ نہ صرف ملک کے لیے بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم فورم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے فورم کے ذریعہ میڈیا سینٹر علی گڑھ پر ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ قول کہ عوام محض نعروں سے خوش نہیں ہوتے ان کی ایمانداری اور سوچ کو دکھاتا ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ملک میں وقت فووقتاً پر ذات اور مذہب کی بنیاد پر مختلف فرقوں میں ٹکراؤ ہوتا رہتا ہے وزیر اعظم کے فارمولے اسے روکنے میں اچوک نسخے کا کام کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق خان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے سیوا بھاؤ اور مثبت انداز فکر پر خصوصی زور دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی شخص، سماج یا ملک کی ترقی کے لیے مثبت خیال کا ہونا اہم ہوتا ہے۔ ڈاکٹر آفتاب عالم نے کہا کہ کارکنان سے خطاب میں وزیر اعظم نے جو منتر دیے ہیں وہ کارکنان اور لیڈران کے مستقبل کو بھی طے کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ان لیڈران کو ایک میسج دیا ہے جو بے بنیاد اور بھڑکاؤ بیان جاری کرتے ہیں۔ دیبا ابرار نے کہا کہ وزیر اعظم کا قول ’’حکومت کا سکھ نہیں بھوگنا چاہئے بلکہ سیوا بھاؤ سے کام کرنا چاہئے ‘‘ ملک کے لیڈران کے لیے اہم سندیش ہے۔ اگر لیڈران اس پر عمل کریں تو ملک کی چوطرفہ ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ میٹنگ کے اختتام پر مسلم فورم نے وزیر اعظم نریند مودی کے سات نکاتی فارمولے کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سیاسی لیڈران اسے سنجیدگی کے ساتھ عمل میں لائیں گے۔ ان کا یہ عمل ملک و سماج کی ترقی کا سبب بنے گا۔