حضرت مولانا صغیر احمد خان صاحب رشادی امیر شریعت ثالث منتخب

01:53PM Thu 28 Sep, 2017

بنگلور 28؍ستمبر (پریس نوٹ) دارالعلوم سبیل الرشاد کی فوقانی مسجد میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں بہ اتفاق رائے حضرت مولانا صغیر احمد خان صاحب رشادی دامت برکاتہم کا بہ حیثیت امیر شریعت کرناٹک ثالث انتخاب عمل میں آیا. حضرت مولانا مفتی عبدالعزیز صاحب قاسمی حسبِ سابق نائب امیر شریعت قرار پائے. اجلاس میں کرناٹک کی تمام جماعتوں اور مسالک کے نمائندہ حضرات شریک رہے. تمام نمائندہ حضرات نے مختصر مختصر تائیدی کلمات ارشاد فرمائے اور مبارکباد دیتے ہوئے حسب سابق اپنے تعاون و انصرام کی یقین دہانی کرائی. حضرت امیر شریعت کرناٹک ثالث نے اپنے مختصر خطاب میں فرمایا کہ میرے دل میں کبھی اس کا واہمہ بهی نہیں گزرا تھا کہ مجھے یہ ذمہ داری قبول کرنی ہوگی. یہ میرے بزرگوں اور اساتذہ کا فیض ہے کہ مجھے اس قابل سمجھا گیا. اللہ تعالیٰ مدد فرمائے اور ملت اسلامیہ کے درمیان اتحاد و اتفاق قائم رکھے. حضرت مولانا صغیر احمد خان صاحب رشادی دامت برکاتہم دارالعلوم سبیل الرشاد کے قدیم ترین استاذ تفسیر و حدیث ہیں . حضرت مولانا قمر الزمان صاحب رحمہ اللہ کے خلیفہ ہیں . سادگی کا پیکر اور خلق حسن کا نمونہ ہیں. نام ونمود سے گریزاں اور تقریباً سارے رشادیوں کے مشفق باپ ہیں. اللہ تعالیٰ آپ کی امارت کو قبول فرمائے اور ملت کا شیرازہ بکھرنے نہ دے . اس اجلاس میں قابلِ ذکر علماء و عمائدین میں مولانا مفتی افتخار قاسمی صدر جمعیۃ علماء کرناٹک‘ مولانا خالد بیگ ندوی ٹمکور‘ مولانا لطف الله صاحب رشادی‘ مصطفی علی رفاعی‘ عتیق قاسمی‘ ریاض قاسمی‘ عبید الله شریف‘ شاہد صاحب‘  شمس الدین بجلی‘ کے رحمن خان‘ باقر ارشد وغیره ۔