آٹو ڈرائیوروں کی اخلاقی تربیت کے لئے جماعت اسلامی کی طرف سے پروگرام کا انعقاد
03:17PM Sat 20 Jan, 2018
بنگلورو۔ آج کل بڑے شہروں میں آٹو اور کیب ڈرائیوروں کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے۔ عام طور پرآٹو اور کیب ڈرائیوروں سےعوام کوکئی شکایتیں رہتی ہیں۔ اس مسئلہ کو دیکھتے ہوئے آٹوڈرائیوروں کیلئے بنگلورو میں جماعت اسلامی ہند کے تحت ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔
آٹو اور کیب عوامی زندگی کا حصہ بن گئے ہیں۔ ہزاروں مسافر اپنی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئےان چھوٹی سواریوں کا استعمال کرتے ہیں۔ لیکن عام طورپرعوام کو آٹو اور کیب ڈرائیوروں سےکئی شکایت رہتی ہیں۔ یہ غریب آٹو والے اپنی روزی روٹی کے لئےکبھی کبھار اخلاقی حدود بھی پار کر جاتے ہیں۔ بہرحال آٹو ڈرائیوروں کی اخلاقی تربیت کے لئے بنگلورو میں جماعت اسلامی ہند کے تحت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں آٹو ڈرائیوروں کومذہب اسلام کی روشنی میں حسن سلوک، اخلاق وآداب بتائے گئے۔
جماعت اسلامی ہند کے نمائندوں کا ماننا ہے کہ ڈرائیوروں کا پیشہ کسی خدمت سےکم نہیں ہے۔ چونکہ آٹو ڈرائیوروں کی ایک بڑی تعداد کا تعلق مسلم سماج سے ہوتا ہے۔ لہذا مسلم آٹو ڈرائیور اخلاق کا بہترین نمونہ پیش کرتے ہوئےعوام تک اسلام کا پیغام بھی پہنچا سکتے ہیں۔ اجلاس میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ آٹوڈرائیوروں کے مسائل کو سمجھیں ۔ آٹو ڈرائیور کے پیشہ کو کمتر نہ سمجھیں۔